بھارت کرکٹ ٹیم کےلیے ڈیبیو سے محروم رہنے والے امول مزمدار نے ویمنز ٹیم کو آئی سی سی ورلڈکپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2025 کا فائنل گزشتہ رات ہوا جس میں بھارتی ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار چیمپئن بننے ک اعزاز حاصل کیا، بھارتی کوچ امول مزمدار ٹیم کی محنت کے پیچھے مرکزی کردار رہے، کپتان ہرمن پریت کور جیتنے کے بعد ان سے جذباتی طور پر بغلگیر ہوتی بھی نظر آئیں۔
امول مزمدار کو بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک لیجنڈ کا درجہ حاصل ہے، ممبئی کے پلیئر نے تقریباً 48 کی اوسط سے 11,167 فرسٹ کلاس رنز بنا رکھے ہیں جو ان کی قابلیت کا ثبوت ہے۔
انھوں نے ڈیبیو پر ہی 260 رنز کی ریکارڈساز باری کھیلی تھی مگر قسمت کی دیوی ان پر کبھی اس طرح مہربان نہ ہوسکی کہ وہ بھارت کی مردوں کی نیشنل ٹیم میں ڈیبیو کرپاتے۔
امول مزمدار20 سیزن تک ممبئی کے بیٹنگ آرڈر میں ایک چٹان کی مانند موجود تھے اور انھوں نے اس دوران اپنی ٹیم کو 8 رانجی ٹرافی ٹائٹل جتوائے۔
یہی نہیں انھوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ اور ساروو گنگولی جیسے پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کیا اور کئی بار اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا مگر ان پر بھارتی ٹیم کے دروازے وا نہ ہوسکے۔
تاہم آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2025 میں گروپ اسٹیج میں لگاتار 3 میچوں میں شکست کے بعد امول نے اپنی ٹیم کےلیے حکمت عملی تبدیل کی اور بھارتی ویمنز پلیئرز سے بات کرتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا۔
انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی ویمنز ٹیم کی صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور انھوں نے اپنے کوچ امول مزمدار کی کوچنگ میں پہلی بار ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
خیال رہے کہ امول مزمدار کو بھارتی ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ دو سال قبل 2023 میں نامزد کیا گیا تھا جس دوران بھارتی ٹیم تقریباً ایک سال تک ہیڈ کوچ کے بغیر میچز کھیلتی رہی تھی۔
بھارتی ٹیم تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ چیمپئن بن گئی


