بھارت میں ایک ڈکیت دن دہاڑے ایک بزرگ خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھین کر فرار ہوگیا، بزرگ خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو بزرگ خواتین ایک گلی سے گزر رہی ہیں اور ایک شخص بائیک پر ان کے سامنے سے آرہا ہے۔
قریب سے گزرتے ہوئے اچانک وہ شخص بزرگ خاتون کے گلے میں ہاتھ ڈال کر ان کی چین زور سے کھینچتا ہے اور بائیک پر فرار ہوجاتا ہے۔
جھٹکا لگنے سے خاتون بری طرح زمین پر گرتی ہیں جبکہ چین کھینچے جانے سے ان کی گردن بھی شدید زخمی ہوجاتی ہے۔
دوسری خاتون بھاگ کر ان کی مدد کرتی ہیں اور انہیں اٹھاتی ہیں۔ خاتون کا کہنا ہے کہ سونے کی چین کی مالیت 6 لاکھ بھارتی روپے تھے۔
پولیس نے ملزم کی ویڈیو جاری کر کے اس کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔