مانچسٹر (18 فروری 2026): برطانیہ میں ملک بدری سے بچنے کے لیے ایک غیر ملکی شخص نے انوکھا قدم اٹھاتے ہوئے ویپ (Vape) کی لیتھیم بیٹری نگل لی، جس پر اسے ایمرجنسی میں اسپتال لے جانا پڑا۔
ہوم آفس کی جانب سے صرف ایک شخص کی ملک بدری کے لیے مقرر کی گئی نجی پرواز کو جمعرات کی صبح اس وقت منسوخ کرنا پڑا جب مذکورہ شخص طیارے تک لے جائے جانے سے کچھ ہی دیر قبل لیتھیم والی ویپ بیٹری نگلنے میں کامیاب ہو گیا۔
ملک بدری سے بچنے کی کوشش کرنے والے شخص کا تعلق مصر سے ہے، برطانوی ہوم آفس نے اسے مجرم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اسے پہلے بھی ملک بدر کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں جس کے دوران اس نے ہنگامہ آرائی کی، آخرکار اسے پکڑ کر برطانیہ سے البانیہ کے راستے مصر بھیجا جانا تھا۔
مصری نژاد شخص کی کوشش وقتی کام کر گئی، ہوم آفس کو البانیہ کے لیے چارٹر پرواز منسوخ کرنا پڑی، تاہم بیٹری نگلنے والے شخص کو اسپتال لے جایا گیا اور علاج کے بعد دوبارہ حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی اسکین سے ہزاروں سال پرانے مصری پجاری بےنقاب، نمائش میں حیران کن انکشافات
منصوبے کے مطابق اسے دیگر ملک بدر کیے جانے والے افراد کے ساتھ البانیہ بھیجا جانا تھا اور وہاں سے ایک نجی پرواز کے ذریعے مصر روانہ کیا جانا تھا۔ تاہم مجوزہ پرواز سے قبل اسے کئی دن تک علیحدہ حراست میں رکھا گیا، اسی دوران اسے ویپ فراہم کی گئی، اس نے ویپ کی لیتھیم بیٹری نگل لی، جس کے بعد اسپتال میں اس کا کامیاب علاج کیا گیا اور پھر دوبارہ حراست میں واپس بھیج دیا گیا۔
ہوم آفس نے بیان میں خبردار کیا کہ ایسی رکاوٹیں ملک بدری کے عمل کو نہیں روک سکیں گی، اور مشکلات کے باوجود اس ماہ ملک بدریوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، موجودہ حکومت ڈیڑھ سال کے عرصے میں 8700 غیر ملکی مجرموں کو ملک بدر کر چُکی ہے، اور گزشتہ ڈیڑھ برسوں میں اب تک 60 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو برطانیہ سے بے دخل کیا جا چکا ہے۔
خیال رہے کہ ہوم آفس برطانیہ سے افراد کو ملک بدر کرنے کے لیے نجی طیارے چارٹر کرتا ہے، زیادہ تر البانیہ کے لیے، تاہم دیگر یورپی اور طویل فاصلے کے مقامات جیسے نائجیریا اور گھانا کے لیے بھی پروازیں چلائی کی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ ہوم آفس کی جانب سے صرف ایک فرد کے لیے نجی طیارہ چارٹر کرنا انتہائی نایاب عمل ہے، اور عموماً ایسے افراد کے لیے کیا جاتا ہے جو ہنگامہ آرائی کرتے ہوں اور جنھیں برطانیہ سے نکالنے کے لیے ہوم آفس خاص طور پر پُرعزم ہو۔
زاہد نور اے آر وائے نیوز کے ساتھ مانچسٹر سے بطور نمائندہ خصوصی منسلک ہیں


