ممبئی (16 جنوری 2026): معروف پاکستانی اداکار عمران اشرف کی انڈین پنجابی فلم میں کام کرنے والی اداکارہ نے شوہر سے طلاق لے لی ہے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکارہ مینڈی تکھر نے شوہر شیکھر کوشل سے باہمی رضامندی سے طلاق کیلیے کا اعلان کرتے ہوئے درخواست دائر کی جو عدالت نے ذاتی اختلافات کو علیحدگی کی وجہ قرار دیتے ہوئے منظور کر لی ہے۔
مینڈی تکھر اور شیکھر کوشل نے 2024 میں شادی کی تھی۔ طلاق کی درخواست دائر کرنے سے قبل دونوں کئی ماہ سے علیحدہ رہ رہے تھے۔
اداکارہ کے وکیل ایشان مکھرجی نے میڈیا کو بتایا کہ کچھ ذاتی اختلافات طلاق کا باعث بنے، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
واضح رہے کہ مینڈی تکھر اداکاری کے شوق میں ممبئی منتقل ہوئیں اور 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ایکم – سن آف سوائل‘ میں پنجابی گلوکار ببو مان کے مدمقابل اپنا پہلا نمایاں کردار ادا کیا۔
ان کی حالیہ فلم ’ایناں نوں رہنا سہنا نئی آؤندا‘ ہے جس میں ان کے ساتھ سپنا پبی اور پاکستانی اداکار عمران اشرف نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔
برطانیہ کے شہر وولور ہیمپٹن میں پیدا ہونے والی مینڈی تکھر کا خاندان پنجاب میں پھگواڑہ کے قریب ایک چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھتا ہے۔
اداکارہ 17 سال کی عمر میں ڈرامہ کی تعلیم حاصل کرنے کیلیے کنگسٹن یونیورسٹی لندن منتقل ہوئیں اور پھر 2009 میں ہندی اور پنجابی فلمی صنعت میں کام کرنے کیلیے برطانیہ چھوڑ کر بھارت آ گئیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



