کراچی: منوڑہ بیچ پر ترقیاتی کام اور تزئین و آرائش مکمل ہو گیا، جلد عوام کے لیے کھولا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق منوڑہ بیچ پر ترقیاتی کام مکمل ہو گیا، ساحل کو خوب صورتی سے سجا دیا گیا ہے، ساحل پر اینٹوں کا ایک پلیٹ فارم بھی بنایا گیا ہے۔
منوڑہ بیچ پر بچوں کے لیے خوب صورت جھولے، دھوپ سے بچاؤ کی چھتریاں، کرسیاں، بینچز لگائی گئی ہیں، باتھ روم بھی بنائے گئے، ساحل پر رنگ برنگی خوب صورت لائٹس بھی نصب کر دی گئی ہیں، کھانے پینے کے اسٹالز بھی تعمیر ہو گئے۔
کے ڈی اے نے رواں سال منوڑہ ساحل کے ترقیاتی کاموں کا آغا کیا تھا، جو مکمل ہو گئے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ساحلی پروجیکٹ کا افتتاح ہفتے کی شام کو کریں گے۔
عوام کے منوڑہ بیچ پر پہنچنے کے لیے سندھ حکومت نے ماریپور سے سینڈزپٹ تک سڑک بھی تعمیر کر دی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ منوڑہ بیچ کی جدید تعمیر سے سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔
منوڑہ بیچ پر جدید منوڑہ بیچ ریزارٹ کی تعمیر کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ نے نیلامی کا اشتہار بھی جاری کیا تھا، جدید بیچ ریزارٹ میں دو فلور پر مشتمل بلڈنگز بنائی جائیں گی اور گراؤنڈ فلور پر ٹک شاپس تعمیر کی جائیں گی۔
پانچ سالہ مدت کے لیے جدید بیچ ریزارٹ ایک نجی کمپنی بنا رہی ہے، انفرا اسٹرکچر کنٹونمنٹ بورڈ منوڑہ تعمیر کر کے نجی شعبے کے حوالے کر دے گی۔