کراچی : خوابوں کے سوداگر منظور وسان نے پھر خواب دیکھ لیا اور کہا کہ نومبر اور دسمبر اہم ہیں اس میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیاسی پیشگوئیوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کی نئی پیشگوئیاں سامنے آگئیں۔
رہنما پی پی نے کہا کہ صرف فضول باتیں ہو رہی ہیں، صدر کے اختیارات میں کوئی ترمیم نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر کے وہی اختیارات ہیں، ان میں کوئی کمی نہیں ہو رہی۔ کسی کی خواہش ہوسکتی ہے لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں، سب قیاس آرائیاں ہیں۔ پارلیمنٹ کے مفاد کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک درست سمت میں جا رہا ہے اور نومبر اور دسمبر کے مہینے نہایت اہم ثابت ہوں گے، ان دو مہینوں میں کچھ بھی ہوسکتا ہے، چاہے وہ بڑا ہو یا چھوٹا واقعہ،”
واضح رہے کہ منظور وسان جو سیاسی خواب اور پیشگوئیوں کے حوالے سے مشہور ہیں اور آئے دن کچھ نہ کچھ سیاسی حوالے سے پیشگوئی کرتے رہتے ہیں۔
ان کی اکثر سیاسی پیشگوئیاں غلط ثابت ہوئی ہیں۔ تاہم گزشتہ برس انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سردیوں کے بعد 2025 کی گرمیاں بھی جیل میں گزارنے کی جو پیشگوئی کی تھی، وہ درست ثابت ہوئی۔


