لاس اینجلس(2 فروری 2026): ہالی وُڈ اسٹار مارگوٹ روبی نے ملکہ نور جہاں سے منسوب ایک تاریخی ہار پہن کر سب کو حیران کر دیا، جس سے جنوبی ایشیا کی شاہی وراثت ایک بار پھر عالمی سطح پر سرخیوں میں آگئی ہے۔
میگزین ‘ووگ’ کے مطابق یہ ہار کوئی عام زیور نہیں ہے۔ یہ صدیوں پرانا ہیروں کا ہار مغل ملکہ نور جہاں سے منسوب ہے، جسے اکثر "تاج محل ڈائمنڈ” بھی کہا جاتا ہے۔ یہ بیش قیمت زیور اس سے قبل لیجنڈری ہالی وُڈ اداکارہ الزبتھ ٹیلر کی ملکیت میں بھی رہ چکا ہے۔
مارگوٹ روبی کی آنے والی فلم ‘ودرنگ ہائٹس’ 13 فروری کو ریلیز ہونے والی ہے، جس میں ان کے ہمراہ جیکب ایلورڈی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایملی برونٹے کے کلاسک ناول پر مبنی اس فلم کی کہانی کو یارکشائر کے مناظر کے پس منظر میں نئے انداز سے پیش کیا گیا ہے۔
فلم کے پریمیئر کے لیے مارگوٹ روبی نے مشہور فیشن ہاؤس ‘سکیپریلی’ کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا، لیکن اصل توجہ کا مرکز وہ تاریخی ہار تھا جس کی خصوصیات درج ذیل ہیں۔
یہ ہار دل کی شکل کے ہیرے پر مشتمل ہے جو جیڈ (سبز پتھر) میں جڑا ہوا ہے، جبکہ اس کی زنجیر سونا، یاقوت اور ہیروں سے تیار کی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق اس پر فارسی میں "عشق ہمیشہ قائم رہتا ہے” کے الفاظ کے ساتھ ملکہ نور جہاں کا نام بھی کندہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ ہار مغل شہنشاہ جہانگیر نے اپنی اہلیہ نور جہاں کو محبت کی نشانی کے طور پر دیا تھا۔ بعد میں یہ ملکہ ممتاز محل (شہنشاہ شاہ جہاں کی اہلیہ) تک پہنچا اور اسی شاہی نسبت سے اسے ‘تاج محل ڈائمنڈ’ کا نام ملا۔
صدیوں بعد یہ ہار یورپی جیولر کارٹیئر کے پاس پہنچا جہاں اسے جدید انداز میں دوبارہ ڈیزائن کیا گیا۔ 1972 میں کارٹیئر نے یہ ہار الزبتھ ٹیلر کو ان کے شوہر رچرڈ برٹن کی جانب سے تحفے میں دیا۔
2011 میں ٹیلر کی وفات کے بعد اسے نیلامی میں 8.8 ملین ڈالر میں فروخت کیا گیا، جو اس وقت کسی بھی ہندوستانی زیور کے لیے ایک ریکارڈ قیمت تھی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


