واشنگٹن (16 جنوری 2026): وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریہ کورینا ماچاڈو نے اپنا امن نوبل انعام (میڈل) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دے دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریہ کورینا ماچاڈو نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی اور انہیں گزشتہ سال خود کو ملنے والا امن کا نوبل انعام (میڈل) پیش کیا، جو صدر ٹرمپ نے قبول کر لیا ہے۔
وائٹ کے ایک عہدیدار نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ میڈل اپنے پاس رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
جمعرات کی شام کو سوشل میڈیا پر کی گئی ایک پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے لکھا کہ ’ماریہ نے خدمات کے صلے کے طور پر مجھے نوبل امن انعام پیش کیا جو کہ باہمی احترام کی شاندار علامت ہے۔ شکریہ ماریہ‘
ماریا ماچاڈو نے صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اس ملاقات کو بہت بہترین قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہ تحفہ ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا ہے۔ ان کے نزدیک صدر ٹرمپ نے وینزویلا کے عوام کی آزادی کے لیے کردار ادا کیا۔
امریکی صدر اور وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر کے درمیان پہلی ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہی۔ اس کے بعد ماریہ ماچاڈو نے کیپٹل ہل میں متعدد سینیٹرز، ریپبلکن اور ڈیموکریٹک رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
واضح رہے کہ یہ وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر کا یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی فوج نے وینزویلا پر حملہ کر کے صدر نکولس مادورو کو اہلیہ سمیت گرفتار کرلیا اور وہاں عبوری حکومت قائم ہے۔ جب کہ ٹرمپ مادورو کی جگہ انہیں (ماریہ ماچاڈو) کو دینے کا امکان مسترد کر چکے ہیں۔
دوسری جانب ٹرمپ بھی دوسری مدت کے لیے صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد 8 جنگیں رکوانے کا کریڈٹ لیتے ہوئے خود کو نوبل انعام کا حقدار قرار دیتے رہے ہیں اور پاکستان سمیت کئی ممالک نے انہیں اس ایوارڈ کے لیے نامزد بھی کیا تھا۔
اس حوالے سے روئٹرز یہ بھی لکھتا ہے کہ ماریہ سے ملاقات سے ایک روز قبل جب ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ چاہتے ہیں کہ ماریہ اپنا نوبل انعام ان کو دیں تو امریکی صدر نے کہا کہ نہیں میں نے اس کے لیے نہیں کہا، کیونکہ انعام تو انہوں نے ہی جیتا ہے۔
نوبل انعام کے خواہشمند ٹرمپ کی امیدوں پر پھر سے پانی پِھر گیا
اگرچہ ماریہ ماچاڈو نے اپنا امن نوبل میڈل صدر ٹرمپ کو دے دیا ہے تاہم ناروے کے نوبل انسٹیٹیوٹ پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ نوبل انعام جن کو دیا جاتا ہے، وہ اعزاز ان ہی کا رہتا ہے، اور اس کو منتقل یا منسوخ نہیں کیا جا سکتا۔
آڈیو اسٹوری: نوبل انعام کے دعویدار ٹرمپ نے 2025 میں کتنے ممالک پر بمباری کی؟
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


