کراچی: سندھ حکومت نے تاجر رہنماؤں کی مشاورت سے دکانیں اور بازار کھولنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی، بازار اور دکانیں دن میں 8 گھنٹے کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے دکانیں اور بازار کھولنے کے لیے پلان طے کرلیا، پلان سندھ حکومت نے تاجر رہنماؤں کی مشاورت سے مرتب کیا۔ پلان پر عملدر آمد وزیر اعلیٰ سندھ کی اجازت سے مشروط ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے تجارتی مراکز اور دکانیں کھولنے کے لیے 13 شعبوں کا تعین کیا گیا ہے، کاروبار کی نوعیت کے لحاظ سے 13 سیکٹرز 3، 3 درجوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہر درجے میں شامل شعبہ ہفتے میں 2 روز کھولا جائے گا، پہلے اور دوسرے درجے میں 4، 4 اور تیسرے میں 5 شعبے شامل ہیں، بازار اور دکانیں دن میں 8 گھنٹے کے لیے کھولی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مرغی، گوشت کی دکانیں اور بیکریاں ہفتے میں 2 روز بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ دودھ، سبزی، پھل کی دکانوں اور میڈیکل اسٹور کو پورا ہفتے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بازار کی دکانیں کھولنے کے لیے ایس او پی بدھ تک تیار کر لیا جائے گا۔ سندھ حکومت عید شاپنگ کے لیے 15 رمضان کے بعد مزید نرمی کرے گی، عید شاپنگ کے لیے نرمی انتظامیہ سے تعاون اور ایس او پی پر عملدر آمد سے مشروط ہوگی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بھی جلد نرمی کا اعلان کیا جائے گا۔