کراچی : حکومت سندھ نے ایس او پیز کے تحت شادی ہال کھولنے کی اجازت دینے کا عندیہ دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی ، سندھ حکومت کے نمائندوں اور شادی ہال مالکان کے مابین ہال کھولنے کے معاملے پر مذاکرات ہوئے۔
کمشنر ہاوس کراچی میں شادی ہال مالکان سے ہونے والی ملاقات میں وزیربلدیات اور اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ، کمشنر کراچی افتخار شلوانی، سیکرٹری اطلاعات سندھ اسلم غوری شریک تھے۔
شادی ہال مالکان نے حکومتی نمائندوں کو یقین دہانی کروائی کہ وہ ایس او پیز کی مکمل پابندی کرتے ہوئے ہال کھولیں گے اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں گے۔
شادی ہال مالکان نے مذاکرات کی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کی۔
ایسوسی ایشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمیں 2 اگست سے پہلے شادی ہال کھولنے کی یقین دہانی کروائی اور ہم سے شادی ہال سے متعلق ایس او پیز کیلیے تجاویز طلب کی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری تجاویز پر غور کرکے حکومت ایک جامعہ ایس او پی متعارف کرائے گی، حکومت کی جانب سے جاری ہونے والی ایس او پی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: وبا کے دنوں میں خوشیاں ماند، شادی ہالز مالکان کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان
شادی ہال مالکان ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے مشورے پر عمل کیا اور ہماری مشکل کو دیکھتے ہوئے درمیانی راستہ نکالا۔
قبل ازیں اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ’حکومت سندھ کو شادی ہال مالکان کی تکالیف کا احساس ہے، ہم وفاق کی جانب سے دی جانی والی گائیڈ لائن کے تحت فیصلہ کریں گے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’کرونا کی وجہ سے تمام شعبہ جات بری طرح سے متاثر ہوئے، ہم انسانی زندگی پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کرسکتے، کرونا وبا نے عالمی سطح پر معاشی بدامنی کے حالات پیدا کیے وہیں بڑی تعداد میں لوگ بے روزگار بھی ہوئے‘۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فی الوقت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری ہے اور جب تک عدالت عالیہ یا وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی واضع احکامات نہیں آتے، معاملات کو نہایت ثابت قدمی کے ساتھ لیکر چلنے کی ضرورت ہے، حکومت سندھ ہمیشہ اپنے عوام اور کاروباری برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور انشاللہ ہم اس وبا کو مل کر جلد شکست دیں گے۔