اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اسرائیلی دورے میں شامل پی ٹی وی اینکر کو ٹرمینیٹ اور آف ائیر کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اہم پالیسی بیان میں کہا ہے کہ وزارت خارجہ واضح کرچکی پاکستان سے کوئی وفداسرائیل نہیں گیا ، دورے میں شامل پی ٹی وی اینکر کو ٹرمینیٹ اورآف ائیر کردیاگیا ، مذکورہ اینکر اپنی ذاتی حیثیت میں دورے پر گیا تھا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فلسطین کی حمایت میں پالیسی میں کوئی تبدیلی آئی ہے نہ آئے گی ، فلسطین پر ریاستی پالیسی واضح ہے، عوام کی خواہشات اور امنگوں کے منافی کوئی پالیسی نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اوراسرائیل کے معاملے پر اصولی مؤقف پرکاربند ہے، فلسطینیوں کےاستصواب رائے کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں ، دنیا دو ریاستی حل کو خطے میں پائیدار امن کا ضامن تصور کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا حل عالمی برادری کی ذمہ داری ہے ، دونوں مسائل کے منصفانہ حل تک پائیدار امن خواب ہی رہے گا ، مقبوضہ فلسطین ،مقبوضہ کشمیر کےعوام کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سستی سیاسی شہرت کیلئےہر منفی اقدام کرنیوالے قومی مفاد کا تو خیا ل کریں۔