اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ ہم قوم کو ثقافتی پالیسی کا نفاذ دے کر جا رہے ہیں، اسی پالیسی کے ذریعے پاکستان کو جوڑا جاسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک میں تھیٹر بحال کرنے کے لیے پالیسی متعین کی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کے دور میں پاکستان میں حیران کن تبدیلی ہوئی ہے لیکن بہت سے کام اور چیلنجز ابھی بھی باقی ہیں جنھیں اکٹھے حل کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقائی زبانوں کی ترقی کے لیے بھی پالیسی تشکیل دی گئی ہے، ثقافت کے ذریعے اگر اپنا تشخص اجاگر کرنا شروع کردیں تو ہم اپنا کھویا مقام حاصل کرسکتےہیں۔
مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ فلم بنانے والوں کے لیے فنڈ مختص کیا گیا ہے جب کہ فلم سنسرفیس بھی معاف کردی گئی ہے، فلم پروڈکشن پر ٹیکس بھی معاف کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے ثقافتی شعبے میں ہونے والے کاموں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ فنانس بل میں لوکل سینما کی تعمیر پر ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے، اب پاکستان کی فلموں اور ڈراموں کو چین میں بھی دکھایا جا رہا ہے۔
احتساب کے دعوے داروں نے کے پی میں احتساب کا ادارہ ہی بند کر دیا: مریم اورنگزیب
مریم اورنگ زیب نے ملک میں دہشت گردی کے حوالے سے کہا کہ دہشت گردی نے امن تباہ کر دیا تھا، ہم اس میں 52 فیصد کمی لائے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ عوام جسے مینڈیٹ دیں اسے ملک کو آگے لے جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ تہذیب کے دائرے میں رہ کر بات کرنے کی کوشش کی، پارلیمان کے باہر اختلاف رائے ملک کے لیے نقصان کا باعث بنتا ہے۔
پی ٹی آئی کے بارے میں انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ جلد بازی کی، پہلے کے پی کے نگراں وزیراعلیٰ کا نام واپس لیا، اب پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کا نام بھی واپس لے لیا، انھیں سمجھ لینا چاہیے کہ حکومت چلانا گڈے گڈی کا کھیل نہیں ہوتا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔