ابوظبی : پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے صاحبزادے اورنگزیب احمد نے انٹرنیشنل ورلڈ مکسڈ مارشل آرٹس ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے بارہ سالہ روبن پریٹوریس کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر فتح حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے صاحبزادے اور پاکستان کے کم عمر مارشل آرٹس فائٹر اورنگزیب احمد نے ابوظبی میں جاری انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس یوتھ ورلڈ چیمپئن شپ میں کامیابی کے ساتھ شاندار آغاز کر دیا ہے۔
اورنگزیب احمد نے میگا ایونٹ میں پہلے ہی مقابلے میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی افریقہ کے 12 سالہ فائٹر روبن پریٹوریس کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
ایونٹ کے اگلے مرحلے میں ان کی دوسری فائٹ ازبکستان کے دولت بیگ عالموف سے ہوگی۔
واضح رہے کہ اس بین الاقوامی چیمپئن شپ میں دنیا بھر کے 82 ممالک سے 1,000 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جہاں اورنگزیب احمد نے اپنی پہلی ہی فائٹ میں شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے ملک کا نام روشن کیا ہے۔
اس سے قبل پنجاب کی سینئر وزیر کے بیٹے اورنگزیب احمد نے پاکستان ایم ایم اے کنٹینڈر سیریز کے 52 کلو گرام کیٹیگری کے مقابلے میں حریف فیضان کو ناک آؤٹ شکست دے کر رنگ میں اپنی دھاک بٹھا دی۔
نوجوان فائٹر نے یہ شاندار فتح حاصل کرنے کے لیے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جو مکسڈ مارشل آرٹس میں ان کے پیشہ ورانہ کیریئر کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔


