کلرسیداں: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ بارودی سرنگیں ہٹانے میں کامیاب ہوگئے اب عوام کے لیے اچھی خبریں لائیں گے۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کلرسیداں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آج شام کو قوم سے خطاب کریں گے اور آج وہ ڈیزل پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کو مجبوری میں مشکل فیصلےکرنا پڑے کیونکہ عمران خان جاتے ہوتےملک کے لیے بارودی سرنگیں بچھا کرگیا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ن لیگ عمران خان کی بارودی سرنگیں ہٹانے میں کامیاب ہوئی۔
مریم نواز نے کہا کہ کل رات کو سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ آیا ہے اس فیصلے نے ان کی جھوٹی سیاست کو دفن کردیا، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ یہ جھوٹا اورآئین شکن بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نے آئین کو روندا، ایسی سزا ملنی چاہیے کسی کوآئندہ جرأ ت نہ ہو، سپریم کورٹ نے اس کے سازش کے بیانیے کو اڑاکررکھ دیا ہے ایک جج نے لکھا اس نےسازش کا کوئی ثبوت نہیں دیا جبکہ عمران نیازی آئین شکنی میں آمروں سے بھی آگے نکل گیا۔
ن لیگ کی رہنما نے کہا کہ فتنہ خان 4 سال تک مہنگائی اورمسائل کی شکل میں عوام پر پہاڑ توڑتے رہے وہ کہتے تھے کہ آلو اور پیازکے ریٹ پتہ کرنے نہیں آیا لیکن آج وہی شخص پودینے تک کی قیمت پوچھ رہا ہے۔