اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عوام سے فوری اور بروقت رابطہ قائم رکھنے اور گورننس سے متعلق عوامی مسائل کے حل کے لیے موبائل ایپ اور ویب سائٹ لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے.
سوشل میڈیا کی اہمیت اور افادیت کو بھانپتے ہوئے مسلم لیگ (ن) نے ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے اجراٗ کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر ہر بھیجے گئے اپنے پیغام میں مریم نواز نے بتایا کہ 26 دسمبر کو ہونے والے سوشل میڈیا کنونش میں مسلم لیگ (ن) کی پہلی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کا اجراٗ کیا جائے گا.
انہوں نے مزید بتایا کہ اس موبائل ایپ کا نام عوامی رابطہ رکھا گیا ہے جس سے انٹرنیٹ کے صارفین فوری طور پر مرکزی قائدین سے جڑ جائیں گے اور تنظیمی معاملات کے علاوہ اپنے علاقے کے مسائل کے حل کے لیے بھی رجوع کرسکیں گے جس سے حکومت کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔
گو مسلم لیگ (ن) کو قائم ہوئے تین دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ گذر چکا ہے لیکن اس کے باوجود انٹرنیٹ صارفین تک رسائی کے لیے کوئی ذریعہ نہیں تھا تاہم تحریک انصاف کے متحرک سوشل میڈیا کے مقابلے میں 2013 کے بعد مسلم لیگ (ن) نے بھی اس میڈیا کا انتخاب کیا.
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نے تحریک انصاف کی سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر ویب سائت اور موبائل ایپ کے اجراٗ کا فیصلہ کیا ہے اور اب دیکھنا یہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سوشل میڈیا ٹیم قائدین کی توقعات پر پورا اتر پائے گئی یا نہیں ؟.