لاہور (14 اپریل 2026): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گندم کے کاشتکاروں کو 6 ارب روپے کا باردانہ مفت دینے کا بڑا اعلان کر دیا، رجسٹرڈ کاشتکاروں کو پرچیز سینٹر سے فی ایکڑ 10 بوری باردانہ دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں گندم خریداری، باردانہ اور گرین ٹریکٹر اسکیم کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے کاشتکار سے 3500 روپے فی من گندم خریداری فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں کسان کارڈ ہولڈرز کاشتکاروں سے ترجیحی بنیادوں پر گندم خریدنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر 3500 روپے فی من کے نرخ پر گندم خریداری کے 72 گھٹنے کے اندر کاشتکار کو ادائیگی ضروری قرار دیا گیا۔ صوبائی اور ڈویژن کی سطح پر اسٹرٹیجک مینجمنٹ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جس سے گندم خریداری کے امور کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا نکاسی آب کے جاری پراجیکٹس سے متعلق بڑا حکم
اجلاس کو بتایا گیا کہ مریم نواز کے زرعی پراجیکٹس پر 88 فیصد کسانوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، وزیر اعلیٰ نے پنجاب میں ’ورک ود پنجاب گورنمنٹ‘ پروگرام شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ایگریکلچر گریجوایٹ سمیت دیگر کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ کسان کارڈ سے 100 ارب روپے کے قرضوں کے اجراء کا ریکارڈ اور 99 فیصد وصولی کا ریکارڈ بھی بن گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ کسان کارڈ کے ذریعے 9 لاکھ کاشتکاروں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے۔ اس پر مریم نواز نے رجسٹریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت 30 ہزار ٹریکٹرز کا ہدف مقرر کیا گیا جبکہ 20 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو مل گئے، اسکیم اور ایگریکلچر میکانائزیشن کی وجہ سے مقامی انڈسٹری فروغ پانے لگی، ڈسکہ میں ہارویسٹر کی مقامی سطح پر تیاری کیلیے لوکل مینوفیکچرز بھی سرگرم عمل ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسان کو متاثر نہیں ہونے دیں گے، زرعی ترقی کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے، دو سال میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حقیقی زرعی انقلاب لانے کا اعزاز حاصل ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


