لاہور (6 نومبر 2025): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز برازیل کے دورے پر روانہ ہوگئیں، ان کا یہ دورہ ماحولیات کے حوالے سے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کے مطابق مریم نواز برازیل کے شہر بیلم میں کوپ 30 اجلاس میں شریک ہوں گی جہاں وہ پنجاب کے فلیگ شپ پراجیکٹس کے بارے میں بتائیں گی جبکہ ستھرا پنجاب اور ای موبلٹی کے بارے میں شرکا کو آگاہ کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’جنہیں جرمنی جاپان کی سرحد کا نہیں پتا، انہیں مریم نواز کے دورہ جاپان سے تکلیف ہوئی‘
مریم نواز کلائمیٹ ریزیلینٹ ریجنل لیڈرشپ پر گفتگو کریں گی، کوپ 30 کے شرکا کو پنجاب میں وائلڈ لائف ریفارم کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
کوپ 30 کانفرنس کے دوران وہ اہم اور نمایاں شخصیات و رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کی ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے نائب صدر اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر سے ملاقات طے ہے،
وہ ورلڈ بینک کلائمیٹ چینج کے گلوبل ڈائریکٹر، گلوبل گرین انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل اور یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کے عہدیداروں سے بھی ملیں گی۔
واضح رہے کہ انہوں نے اگست میں جاپان کا دورہ کیا تھا اور وہ سرکاری طور پر اس ملک کا دورہ کرنے والی پاکستان کی پہلی وزیر اعلیٰ قرار پائیں۔
مریم نواز وفد کے ہمراہ جاپان کے 5 روزہ سرکاری دورے پر گئی تھیں، لاہور ایئرپورٹ پر اعلیٰ حکام نے وزیر اعلیٰ اور وفد کو رخصت کیا تھا۔
دورے کے دوران وہ ٹوکیو، اوساکا اور یا کوہوما گئیں جبکہ اوساکا میں ہونے والے ورلڈ ایکسپو میں بھی شریک ہوئیں۔


