ہفتہ, اپریل 18, 2026
اشتہار

مریم نواز نے سی سی ڈی سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور (10 مارچ 2026): وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کو پریمیئر انوسٹیگیشن ایجنسی (پی آئی اے) بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکومت پنجاب نے جرائم کے خاتمے اور عوامی پذیرائی کو دیکھتے ہوئے سی سی ڈی کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے، سی سی ڈی کو دنیا کے 5 بہترین جرائم کنٹرول کرنے والے اداروں کی طرز پر استوار کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ آفس کے مطابق جدید فارنزک، تفتیشی مہارتوں، ماڈرن ٹیکنالوجی، اے آئی سافٹ ویئر، جدید ترین انٹیلی جنس سرویلنس، مشینری اور آلات سے سی سی ڈیز کو پاکستان کے سب سے جدید ترین ادارے میں بدلا جائے گا۔


مجرموں کا سراغ لگانے اور ان کی مانیٹرنگ کے جدید ترین آلات بھی سی سی ڈی کو فراہم کیے جائیں گے، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سی سی ڈی کا جدید ترین آلات سے لیس ہیڈکوارٹر بنانے کی بھی منظوری دے دی، پنجاب کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں سی سی ڈی آفس، تھانے اور رہائش گاہیں بنانے کا بڑا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔


عید الفطر کے بعد پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحے کے خلاف مہم کی بھی منظوری دی گئی، سی سی ڈی کے اقدامات سے پنجاب میں قتل اور خواتین کے خلاف جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے، اور ڈکیتی کے واقعات میں گزشتہ سال کی نسبت 77 فی صد کمی آئی، موبائل اور بیگ چھننے کے واقعات میں 49 فی صد، گاڑی چوری میں 17، اقدام قتل میں 31، اغوا برائے تاوان کے واقعات میں 45 فی صد کمی آئی۔

غیرقانونی اسلحہ کے سدباب کے لیے بھی نیا قانون بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خواتین پر تیزاب چھڑکنے والوں سے نمٹنے کا ٹاسک بھی سی سی ڈی کو دے دیا۔ سی سی ڈی میں جرائم کے خاتمے کے جدید تحقیقی مرکز بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں