لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ مشرف کی طرح قوم کے خون کو نواز شریف نے نہیں بیچا، لاہور سے اٹھنے والا جذبہ اسلام آباد تک پہنچتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تکبیر کے موقع پر لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مریم نواز نے کہا کہ ووٹ کی عزت چاہتے ہو تو 25 جولائی کو مخالفین کو بتا دینا کہ تمہارا فیصلہ جو بھی ہو عوام کا فیصلہ نواز شریف ہے۔
مریم نواز کے مطابق نواز شریف نے احتساب عدالت میں 80 کے قریب پیشیاں بھگت لی ہیں، نواز شریف عوام کی جنگ کے لیے نکلے ہیں ان کا ساتھ دیں گے، 25 جولائی کو ہر اس شخص کا ساتھ دینا جو نواز شریف کی حمایت میں نکلا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا احتساب ہورہا ہے یہ نااہلی پہلی بار نہیں ہے، پاکستان میں آخری مرتبہ لوٹوں اور سازش کی سیاست کو ختم کردینا، میاں صاحب اور عوام میں عاشق اور معشوق کا رشتہ ہے، 30 سال سے یہ رشتہ بڑھتا جارہا ہے۔
تقریب میں کارکن پر تشدد کے واقعے پر مریم نواز نے کہا یہ میرا بھائی میاں صاحب کو پیار کرنے آیا تھا، اس شخص کو مار کھاتے دیکھ کر بہت دکھ ہوا، بیچارے کسی اور کی غلطی کی قیمت چکائی، سیکیورٹی نے حالات کو نہ سمجھا اور ضرورت سے زیادہ ردعمل دیا۔
بعدازاں مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ 20 واں یوم تکبیر، نواز شریف کی حب الوطنی کی گواہی تو چاغی کے پہاڑ بھی دیتے ہیں، پاکستان زندہ باد۔
20واں یوم تکبیر ۔۔۔ نواز شریف آپ کی حبُ الوطنی کی گواہی تو چاغی کے پہاڑ بھی دیتے ہیں ! پاکستان زندہ باد 🇵🇰 pic.twitter.com/012kOCTKWV
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) May 28, 2018