کراچی : مزار قائد کے تقدس کی پامالی کیس میں مریم نواز نے ضمانت کیلئے درخواست نہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، وکیل ن لیگ کا کہنا ہے کہ جس نے گرفتار کرنا ہے آئے مریم نواز گرفتاری کیلئے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے وکیل کی جانب سے بیان میں کہا کہ کیپٹن(ر)صفدرکیخلاف مقدمےمیں غیرقانونی دفعات لگائی گئیں، مقدمے کیلئے سندھ پولیس پر دباؤ ڈالا گیا جبکہ ایف آئی آر میں مریم نواز، مریم اورنگزیب کا نام بھی شامل ہے۔
وکیل ن لیگ کا کہنا تھا کہ فیصلہ ہوگیا ہےمریم نواز ضمانت کیلئے کوئی درخواست نہیں دیں گی، جس نے گرفتار کرنا ہے آئے مریم نواز گرفتاری کیلئے تیار ہیں۔
انھوں نے مزید کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ ایف آئی آر واپس لی جائے ، یہ جھوٹا اور بوگس کیس ہے اس میں کوئی صداقت نہیں، مزار کےکسٹوڈین کےعلاوہ کوئی بھی مدعی نہیں بن سکتا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے خواتین ونگ کے عہدے داران سے مقامی ہوٹل میں ملاقات اور اجلاس کی صدارت کی ، اجلاس کے بعد مقامی ہوٹل کی لابی میں خواتین سے غیر رسمی بات چیت میں ورکرزسے ان کے خاندان کی خیریت دریافت کی تاہم مریم نے اس موقع پراپنے خاوند کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔
مریم نواز نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کچھ دیر میں اپنے شوہر کی گرفتاری کے حوالے سے ردعمل دوں گی۔
یاد رہے گزشتہ روز مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے موقع پر مزار کے احاطے میں کیپٹن (ر) صفدر نے سیاسی نعرے لگوائے تھے، جس پر کیپٹن (ر) صفدر، مریم صفدر سمیت 200 لیگی کارکنوں کے خلاف برگیڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔