اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ احتساب عدالت کی کارروائی کو براہ راست نشر کیاجائے تاکہ قوم کو سچ کا پتہ چل سکے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مطالبہ کیا ہے کہ نوازشریف اوران کےخلاف مقدمہ کی تمام کاروائی کو براہ راست نشر کیاجائے تاکہ قوم کوسچ کاپتہ چل سکے۔
مطالبہ: نواز شریف اور میرے خلاف مقدمہ میں نیب عدالت کی تمام کاروائی کو براہ راست نشر کیا جائے تاکہ قوم کو سچ کا پتہ چل سکے۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 4, 2018
مریم نواز کا ایک اور ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ نوازشریف کیخلاف مقدمہ واٹس ایپ پرتیارہوا، مقدمے کا کوئی بھی ریکارڈ موجود نہیں، واہ!
نواز شریف کے خلاف پورا مقدمہ ‘واٹس ایپ ‘ پر تیار ہوا جس کا کوئی بھی ‘ریکارڈ’ موجود نہیں۔ واہ ! pic.twitter.com/FjWzryNdFv
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 4, 2018
اس سے قبل احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ساری حکومت پرمقدمات بنا دیےجائیں توکام کون کرے گا؟صبح سے رات تک عدالتوں میں بٹھا دیا جاتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ والدہ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہوئی، ریڈیو تھراپی ہو رہی ہےختم ہو گی توپتہ چلےگا،ویک اینڈ پر ڈاکٹر بھی دستیاب نہیں ہوتے۔
چند روز قبل مریم نواز نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ وقت ایک جیسا نہیں رہتا، مشکل وقت کے بعد آسانی آتی ہے، لوہا آگ میں تپ کرمضبوط بنتا ہے، پاکستان کے لئے لڑنا اہم ہے، کسی نہ کسی کو تو پاکستان کے لئے لڑنا تھا۔
مزید پڑھیں : وقت ایک جیسا نہیں رہتانہ وقت بدلتے دیر نہیں لگتی ،مریم نوازکا ٹوئٹ
یاد رہے نواز شریف اور مریم نواز شریف کی جانب سے احتساب عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ کلثوم نواز کی کیمو تھراپی کی جائے گی، جس کے لیے نواز شریف اور مریم نواز کو لندن جانا ہے تاہم عدالت نے شریف خاندان کی استثنیٰ دینے کی درخواست مسترد کردی تھی۔
خیال رہے کہ شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنس قومی احتساب بیورو میں زیر سماعت ہے، سابق وزیر اعظم نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر پر ایون فیلد، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز میں فرد جرم عائد کی جا چکی ہے جبکہ نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔