لاہور (12 اپریل 2026): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نکاسی آب کے پراجیکٹس جون سے پہلے مکمل کرنے کا ہدف دیتے ہوئے ان پر 24 گھنٹے کام جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
اس حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے مون سون سے قبل سیوریج لائن اور بارش کے پانی کے نکاس کے پراجیکٹس کی یقینی تکمیل کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، گجرات، اوکاڑہ، جھنگ، ملتان اور سیالکوٹ، جہلم، حافظ آباد، ساہیوال، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور راولپنڈی میں نکاسی آب کے پراجیکٹس جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’مریم نواز پلان بنا رہی ہیں بائیک والوں کی پیٹرول سے جان چھوٹ جائے گی‘
15 شہریوں کیلیے 2265 کلو میٹر طویل سیوریج لائن اور بارش کے پانی کے نکاس کیلیے 189 کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی، فیز ون میں 86 ڈسپوزل اسٹیشن اور 9 انڈر گراؤنڈ اسٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے، واسا سیوریج اور بارشی پانی کے نکاس کے پراجیکٹ کی تکمیل پر 752 کلو میٹر طویل سڑکیں بھی تعمیر کروائے گا۔
اجلاس میں مریم نواز نے 15 شہروں میں واسا کمپلیکس ڈیزائن کی منظوری دی جن میں افسران کیلیے ہوسٹل بھی بنائے جائیں گے۔
مزید کہا گیا کہ واسا مون سون سے قبل بڑے پیمانے پر نالوں کی صفائی کیلیے ڈی سلٹنگ مہم بھی شروع کرے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


