لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ والد محترم نواز شریف کی گود پہلا مکتب اور ان کا سایہ وہ آسرا ہے جس نے مجھے ہر طوفان میں مضبوط رکھا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فاڈر ڈے پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ باپ سائبان کی مانند خود دھوپ سہہ کر اپنی اولاد کو سائے میں رکھتا ہے، باپ وہ ہستی ہے جو اولاد کو صرف جینا ہی نہیں بلکہ سر اُٹھا کر جینا سکھاتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اپنی اولاد سے محبت اور ان کے حقوق پورے کرنے والے ہر باپ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، باپ وہ چراغ ہے جو اولاد کے ہر اندھیرے میں روشنی بنتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مجھے رلانا آسان کام نہیں، دو بار قید تنہائی میں رہی لیکن روئی نہیں، مریم نواز
انہوں نے کہا کہ میرے والد نواز شریف میرے رہنما، قائد، استاد اور طاقت ہیں، ان کی شخصیت میری سیاست اور سوچ کا محور ہے، دعا گو ہوں کہ ہر بیٹے اور بیٹی کو ایسا باپ ملے جو خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ دے۔
یکم جون 2025 کو وزیر اعلیٰ پنجاب نے والدین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میں آج جس مقام پر ہوں وہ والدین کی تربیت اور دعاؤں کا ثمر ہے۔
مریم نواز نے کہا تھا کہ زندگی کی کڑی دھوپ میں والدین ٹھنڈی چھاؤں ہوتے ہیں، والدین کی اطاعت اللہ کا حکم، سنت رسول اور مشرقی روایت ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ والدین کی اپنے بچوں کیلئے محبت، قربانیاں انسانی فطرت میں شامل ہے، والدین کے بغیر گھر صرف اینٹوں کا مکان ہوتا ہے، والدین کی موجودگی سے معمولی سا کمرہ بھی جنت بن جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین ہی اولاد کی ہر کامیابی کی بنیاد رکھتے ہیں، میں آج جس مقام پر ہوں وہ والدین کی تربیت اور دعاؤں کا ثمر ہے میں اپنے والدین کی خدمت اور اطاعت کو شرف سمجھتی ہوں۔
’والدین کی خدمت، عزت واحترام، دیکھ بھال کو فرض اول سمجھ کر ادا کیجئے، دعا ہے اللہ تعالیٰ سب بچوں پر والدین کا سایہ سلامت رکھے۔‘