مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز بہاولپور میں پارٹی کنونشن کے دوران اسٹیج پر آتے ہی جوش خطابت میں گلے کی تکلیف بھول گئیں۔
مریم نواز کے خطاب سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اسٹیج پر آکر ورکرز کو بتایا کہ مریم صاحبہ کے گلے کا آپریشن ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ زیادہ اونچا نہیں بول سکتیں۔
تاہم مریم نواز جب خطاب کے لیے آئیں تو سب بھول گئیں۔ سینئر نائب صدر نے نہ صرف جوشیلے انداز میں آدھے گھنٹے سے زائد تک خطاب کیا بلکہ ورکرز کا لہو گرمایا اور خوب نعرے بھی لگوائے۔
مریم نواز نے کنونشن میں پی ٹی آئی حکومت اور عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ شکر کرو پاکستان بچ گیا ورنہ چار سال میں تباہی کے دھانے پر پہنچ گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے پاکستان کو سری لنکا بننے سے بچا لیا، پانچ کے ٹولے نے پانچ سال کا پروگرام بنا رکھا تھا، کھوسہ، ڈیم والا بابا، عمران اور اس کی دو بیساکھیاں سب اپنے انجام کو پہنچے۔
ان کا کہنا تھا کہ موروثیت موروثیت کی بڑی تکلیف ہو رہی ہے، میرے عہد کی باتیں کی جا رہی ہیں، میں کسی عہدے کی محتاج نہیں۔