وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں خوشیوں کی واپسی چاہتی ہوں، جو دنگا فساد، انتشاری ٹولے نے ماحول بنادیا تھا وہ ختم کردیا ہے۔
پنجاب میں بسنت فیسٹیول کے جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں لوگوں کو تفریح سے محروم کردیا گیا تھا، بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے تمام ادارے کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بسنت سے متعلق جو پلان بنایا گیا ہے وہ انتہائی موزوں ہے اس پر تمام اداروں اور کمشنرز کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں۔
یہ پڑھیں: بسنت 2026 کا نوٹیفکیشن جاری، ایس او پیز کیا ہوں گے؟
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کی آمد کی خوشی میں بسنت کا تہوار صدیوں سے منایا جارہا ہے، پنجاب میں 6، 7 اور 8 فروری کو بسنت منائی جائے گی، ثقافت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈور اور پتنگ کے سائز کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی، بسنت سے پہلے پتنگ بازی کرنے پر 621 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بسنت کے دوران چرغی ڈور کی اجازت نہیں ہوگی، سیفٹی پلان کے تحت لاہور کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، غلط ڈور کے استعمال پر پانچ سال قید اور جرمانے کی سزا ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


