ہفتہ, فروری 7, 2026
اشتہار

والد میرے سیاست میں آنے پر ہچکچا رہے تھے، آج یقین ہے مجھ پر فخر کرتے ہوں گے ، مریم نواز

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ والد میرے سیاست میں آنے پر ہچکچا رہے تھے، آج یقین ہے مجھ پر فخر کرتے ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان نیوی وار کالج کے 55ویں اسٹاف کورس کے شرکاء نے ملاقات کی۔

وفد میں تینوں مسلح افواج کے افسران اور 15 دوست ممالک کے افسران شامل تھے جبکہ وفد کی قیادت ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور وفد میں شامل فلسطینی افسروں کی شمولیت کو سراہا۔

انہوں نے سیلاب میں امدادی سرگرمیوں پر پاکستان نیوی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے ذریعے چیلنجز کو کامیابیوں میں بدلا جا رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ  بیٹیوں کو مواقع، اعتماد اور حوصلہ دیں، وہ آگے بڑھیں گی اور ترقی کریں گی۔

انہوں نے ہراسمنٹ کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ صوبہ بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وفد کو حکومت کے جاری منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل دنیا کا سب سے بڑا سرکاری کینسر اسپتال 10 ماہ میں مکمل ہوگا، سرگودھا میں ڈویژن کی سطح پر پہلا انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی تعمیر کیا جا رہا ہے اور 16 اضلاع میں امراضِ قلب کے لیے کیتھ لیب قائم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے 55 ہزار طلبہ کو ہونہار اسکالرشپ اور 73 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ "اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے کے تحت 80 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 2.5 ملین افراد کو ریلیف فراہم کیا گیا، جبکہ اینٹی اسموگ گنز کے ذریعے فضائی آلودگی کے سدباب کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

ٹرانسپورٹ کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں 1100 الیکٹرو بسیں متعارف کرائی جا رہی ہیں، جن میں شہری صرف 20 روپے میں جدید اور آرام دہ سفر کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرائم ریٹ 70 فیصد تک کم ہو چکا ہے اور 16 اضلاع میں جرائم کی شرح صفر ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ والد میرے سیاست میں آنے پر ہچکچاہٹ کاشکار تھے، آہستہ آہستہ سیاسی امور کو سمجھنا شروع کیا ، یقین ہے آج والد مجھ پر فخر محسوس کرتے ہوں گے۔

کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج نے پنجاب حکومت کی غیر معمولی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو قابل تقلید قرار دیا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں