لاہور : پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کو اگر نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ منظور نہیں تو17ستمبر کو باہر نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے حلقہ این اے 120 کی انتخابی مہم کے دوران میاں مرغوب احمد کی رہائش گاہ پر خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں ن لیگ کیخلاف سازش ہوئی، کبھی دھاندلی کا الزام لگا تو کبھی پانامہ اور پھر انجام اقامہ کے مذاق پر ہوا۔
عوام کو اگر نااہلی کا فیصلہ منظور نہیں ہے تو وہ ضمنی انتخاب کے دن17ستمبر کو گھرسے باہر نکلیں اورشیرپرمہر لگائیں، وعدہ کریں کہ آپ گھروں سے نکلیں گے اور شیر پر مہر لگائیں گے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے مجھے محبت اور شفقت سے نوازا، حلقے کی عوام نے جس طرح مجھے سپورٹ کیا وہ میرے لئے سرمایہ حیات ہے اور میں اسے ساری زندگی نہیں بھلا سکتی، میری والدہ کی جیت کیلئے ووٹ ڈالیں اور ان کی مکمل صحت یابی کیلئے دعا کریں۔
مزید پڑھیں: عمران خان چلے ہوئے کارتوس ہیں، مریم نواز
انہوں نے کہا کہ ن لیگی خواتین میرے کیلئے سرمایہ حیات ہیں، کارکنان مخالفین کو بتا دیں کہ جس کے ساتھ بہن بیٹیاں کھڑی ہوں ان کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے سی پیک سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ کیا، نواز شریف ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کی تقدیر پلٹ سکتے ہیں۔