تازہ ترین

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا زندگی کا مشکل ترین فیصلہ تھا، مریم نواز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، اس وجہ سے دل پر پتھر رکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں۔

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے ویلنشیا ٹاؤن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور ان کی جماعت مشکل وقت میں عوام کیساتھ ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، اس وجہ سے دل پر پتھر رکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ عمران خان کا آئی ایم ایف سے کیا گیا معاہدہ ہے، سابقہ حکمران گزشتہ 4 سال میں قومی خزانہ لوٹ کر کھا گئے، مسلم لیگ ن کی حکومت کوعوام کی مشکلات کا احساس ہے، خالی خزانے کے باوجود شہباز شریف نے اشیائے خوردونوش پر سبسڈی دی۔

مریم نواز نے کہا کہ حمزہ شہباز نے اعلان کیا ہے کہ 100 یونٹ استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی دی جائے گی، حکومت غریب پر مہنگائی کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی، ہماری کوشش ہےکہ غریب کا چولہا جلتا رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے فتنے اور بہروپیے کا سامنا ہے، بہروپیے نے عوام کو غیرملکی سازش کے جھوٹے بیانیے کے پیچھے لگائے رکھا، عوام کو امریکی غلام کہنے والا اب خود چھپ کر امریکا سے معافیاں مانگ رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ دوسروں پر غداری کے الزام لگانے والے کے پاس ثابت کرنے کیلئےکچھ نہیں، مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میڈیا کے ذریعے مہم چلائی، اب عمران خان کی اہلیہ کی آڈیوٹیپ آگئی ہے، عمران خان کی اہلیہ کہتی ہیں کوئی الزام لگاتے تو غداری کا الزام لگانا، اب پی ٹی آئی کے گھر کے بھیدی لنکا ڈھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا خود پاکستان کا سب سے بڑا ڈاکو نکلا ہے، گزشتہ 4 سال میں فتنہ خان کے دوستوں کو نوازا جاتا تھا، عوام جان گئی ہے پنجاب کی ترقی کے دشمن کا نام عمران خان ہے، پنجاب کے عوام اب کسی کو مینڈیٹ چھیننے کی اجازت نہیں دینگے، ن لیگ نے پنجاب میں تعمیرو ترقی کا سفر دوبارہ شروع کردیا ہے۔

Comments

- Advertisement -