منگل, فروری 10, 2026
اشتہار

پنجاب میں نہریں بنانے کی بات ہو تو انہیں تکلیف کیوں ہو جاتی ہے، مریم نواز

اشتہار

حیرت انگیز

فیصل آباد (29 ستمبر 2025): وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب اپنے صوبے کے حق میں نہریں نکالنا چاہے تو انہیں تکلیف کیوں ہو جاتی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد زرعی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی حلیف جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کا نام لیے بغیر تنقید کے کڑے تیر برسا دیے اور کہا کہ مخالفین میری ذات پر بات کریں تو تنقید نہیں کروں کی، لیکن پنجاب اور پنجابیوں پر بات کریں گے تو میں آپ کو نہیں چھوڑوں گی اور گھر تک پہنچا کر آوں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ میں پنجاب میں نہریں نکالوں تو انہیں تکلیف اور اعتراض ہوتا ہے۔ اپنے صوبے کے عوام کو 50 ارب کا ریلیف دیا تو یہ آئی ایم ایف سے میری شکایات لگا رہے ہیں۔ میرا پانی، میرا پیسہ اور میری مرضی، آپ کو کیا تکلیف ہے۔ کبھی پنجاب نے کہا کہ فلاں صوبہ یہ نہ کرے۔ آپ سندھ میں کوئی کام کریں تو مجھے بھی خوشی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نہروں سے پانی نکال کر اپنے پاس نہیں رکھنا تھا بلکہ چولستان کو دینا تھا۔ انہوں نے پہلے بھی بہت اعتراض کیا، میں چپ رہی۔ لیکن پنجاب کے عوام کو ان کا حق دینے کے لیے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ہر چیز کا علاج بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نہیں ہے۔ یہ پروگرام صرف 10 ہزار روپے دیتا ہے۔ میں نے اپنے سیلاب متاثرین کو 10، دس لاکھ روپے دینے ہیں۔ ، برائے مہربانی اپنے مشورے اپنے پاس ہی رکھیں۔ جب پنجاب نے آپ کے معاملات میں مداخلت نہیں کی، تو خدا کیلیے آپ بھی مت کریں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمیں سبق دیا جا رہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے عالمی دنیا کے سامنے ہاتھ کیوں نہیں پھیلا رہے۔ پاکستان کب تک اس طرح جھولی پھیلا کر کھڑا رہے گا۔ برائے مہربانی اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب وہ صوبہ ہے جس کیلیے شہریوں کی جان ہی نہیں بلکہ جانور بھی قیمتی ہیں۔ بدترین سیلاب میں ڈھائی کروڑ افراد کے ساتھ ان کے مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ سیلاب متاثرین کو اپنا مہمان بنایا۔ انہیں تین وقت کی روٹی اور راشن دیا گیا۔ اب انہیں بجلی بلوں میں ریلیف دے رہیں گے، تو دوسروں کو اعتراض کیوں۔ چاروں صوبوں کو یکساں این ایف سی ملتا ہے، پنجاب وہ پیسہ اپنے عوام پر لگا رہا ہے، باقی صوبے بھی لگا لیں۔

مریم نواز نے کہا کہ فیصل آباد میں جیسا میرا استقبال کیا، مجھے لگتا ہے کہ ن لیگ سے ناراضگی کے بعد واپس اپنے گھر آ رہا ہے۔ میں آپ کے لیے 150 الیکٹرک بسیں لائی ہوں۔ وہ وقت دور نہیں جب فیصل آباد لاہور سے زیادہ ترقی یافتہ ہوگا۔ جب بھی تاریخ لکھی جائے تو ترقیاتی منصوبوں پر نواز شریف اور شہباز شریف کا نام لکھا جائے گا۔

 

ویب ڈیسک
+ posts

اہم ترین

مزید خبریں