مریم نواز کا وطن آکر احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ

لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے مشاورت کے بعد ملک واپس آنے کا فیصلہ کرلیا ہے، احتساب عدالت میں پیش ہوں گی.
تفصیلات کے مطابق لندن میں مقیم مریم نواز نے اپنے وکلاء سے مشاورت اور اس یقین دہانی کے بعد کہ ان سے متعلق کیس کمزور ہے، پاکستان آنے کا فیصلہ کیا ہے.
ذرائع کے مطابق وکلاء کی جانب سے تسلی اور یقین دہانی کے بعد مریم نواز نے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے جہاں وہ احتساب عدالت کا بھی سامنا کریں گی تاہم ابھی تک حسین نواز اور حسن نواز کی پاکستان آمد اور احتساب عدالت کا سامنا کرنے کے حوالے سے کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی ہے.
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر پرویزرشید نے مریم نواز کی وطن واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مریم نواز چوبیس گھنٹے کے دوران وطن واپس لوٹ ائیں گی اور احتساب عدالت میں بھی پیش ہوں گی.
خیال رہے پاناما کیس میں سپریم کورٹ نے جہاں اقاما رکھنے پر اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا تھا وہیں آف شور کمپنی رکھنے اور لندن فلیٹس کے حوالے سے ریفرنسز احتساب عدالت کو بھیجوا دیئے تھے.
احتساب عدالت کی جانب سے طلب کیئے جانے پر نوازشریف پیش ہو چکے ہیں جب کہ حسین و حسن نواز اور کیپٹن صفدر کے نا قابل ضمانت اور مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے تھے.