جنیوا(11 جولائی 2026): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت شروع کیے گئے منصوبے "میرا پیارا ورچوئل سینٹر” نے بین الاقوامی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین کے زیر اہتمام سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں منعقدہ اقوام متحدہ کے عالمی فورم ’ڈبلیو ایس آئی ایس‘میں پنجاب کے انفراسٹرکچر اور آئی ٹی کے منصوبوں کو بھرپور طریقے سے سراہا گیا۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے دو منصوبوں کو دنیا کے بہترین پراجیکٹس میں شامل کیا گیا ہے، جس میں "میرا پیارا ورچوئل سینٹر” کو ای-گورننس کیٹیگری کا عالمی چیمپئن قرار دیا گیا، جبکہ "ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن” نے بھی عالمی سطح پر نمایاں اعزاز حاصل کیا ہے۔
جنیوا میں منعقدہ اس باوقار عالمی تقریب میں چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) سیف سٹیز مستنصر فیروز نے پاکستان کی نمائندگی کی اور دونوں عالمی اعزازات وصول کیے۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق "میرا پیارا ورچوئل سینٹر” اب تک 1 لاکھ 58 ہزار سے زائد کیسز پر کارروائی کر چکا ہے، جس کے ذریعے 80 ہزار سے زائد گمشدہ بچوں اور افراد کو بحفاظت ان کے اپنوں سے ملوایا جا چکا ہے۔
ان دونوں منصوبوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملنا پنجاب پولیس اور صوبائی حکومت کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


