تازہ ترین

مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ منفی آگیا

لاہور: نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے طبیعت ناسازی کے باعث اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی تھیں، اب ان کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ بھی آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہونے والی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مریم بی بی کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے، شاید کوئی انفیکشن ہوگیا جس کا علاج جاری ہے، ان کی جلد صحتیابی کیلئے بہت ساری دعائیں۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں حنا پرویز نے اپنے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی ہونے کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ الحمدللّٰہ ! میرا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے،اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ابھی تک مہلک وائرس سے بچی ہوئی ہوں، ساتھ ہی انہوں نے اپنی رپورٹ کا اسکرین شیئر کیا۔

حنا پرویز بٹ نے اپنے ایک اور ٹوئٹ تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم بی بی کی طبیعت ناسازی کے باعث انہوں نے اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کر دیں ہیں، مریم بی بی کی جلدی صحتیابی کیلئے بہت زیادہ دعاگو ہوں۔ اللہ ان کو جلد از جلد صحتیاب کرے آمین۔

اس سے قبل ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ مریم نواز کی طبیعت ناساز ہے، انہیں تیز بخار اور گلے میں شدید درد ہے، مریم نواز نے اپنا کرونا ٹیسٹ بھی کرایا ہے، جس کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق ڈاکٹرز نے نائب صدر مسلم لیگ (ن) کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، اسی بنا پر انہوں نے اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ شب سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی بھی طبیعت ناساز ہوئی تھی، ترجمان جےیو آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان دو دن سے بخار میں مبتلا ہیں، انہوں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا ہے، جو کہ منفی آیا تھا۔

Comments

- Advertisement -