ہفتہ, دسمبر 13, 2025
اشتہار

نواز شریف کی بیٹی ہوں معافی نہیں مانگوں گی، مریم نواز کا دوٹوک اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور (2 اکتوبر 2025): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی بیٹی ہوں معافی نہیں مانگوں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیانات خصوصاً نہروں کی تعمیر اور حلیف جماعت پر تنقید کے بعد پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ جہاں ن لیگ کی قیادت جہاں پی پی سے اسمبلی فلور پر معذرت کے ساتھ اس کو منانے کی کوششیں کر رہی ہے، وہیں مریم نواز نے ایک اور متنازع بیان داغ دیا ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جب پنجاب کی بات آئے گی تو خاموش نہیں رہوں گی۔ نواز شریف کی بیٹی ہوں، معافی ہرگز نہیں مانگوں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جب سیلاب آیا تو لیکچر دیا گیا کہ دنیا کے آگے ہاتھ پھیلاؤ، لیکن میں کبھی اپنے لوگوں کو کشکول نہیں پکڑنے دوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم آئی ایم ایف کے غلام بنے ہوئے ہیں۔ کچھ کرنے کا سوچتی ہوں تو سننے کو ملتا ہے کہ آئی ایم ایف نہیں مانے گا، یہ کتنی بڑی تذلیل ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام کام کرنے اور صرف باتیں کرنے والوں میں فرق سمجھیں۔ میں نہیں چاہتی پنجاب میں کسی کو احساس محرومی ہو۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے پورے پانچ سال دیے تو پنجاب بہت ترقی یافتہ صوبہ بن جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کے ذاتی مفاد کا شکار مت ہوں۔ نوجوان جھوٹ اور فریب کے فرق کو سمجھیں اور اپنے دل میں کبھی بھی کسی پروپیگنڈے کو جگہ مت دیں۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد کے بغیر وفاق اور پنجاب میں ن لیگ حکومت کو سپورٹ کرتی ہے۔ تاہم مریم نواز کے حالیہ مسلسل متنازع بیانات اور سندھ حکومت پر کڑی تنقید کے بعد دونوں جماعتوں کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہو چکے ہیں۔

گزشتہ دنوں پی پی نے حمایت ختم کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے قومی اسمبلی سے بائیکاٹ بھی کیا تھا جب کہ وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے اسمبلی فلور پر پی پی سے ان بیانات پر معذرت بھی کی تھی۔ ن لیگ کی جانب سے پی پی کو منانے کے لیے مذاکرات کے دو دور بھی ہو چکے ہیں۔

تاہم مریم نواز کی مسلسل تنقید اور دونوں جماعتوں کی دوسرے درجے کی قیادت کی جانب سے مسلسل ایک دوسرے پر الزام تراشی سے معاملات مزید الجھتے جا رہے ہیں۔

ویب ڈیسک
+ posts

اہم ترین

مزید خبریں