منگل, اگست 18, 2026
اشتہار

نوجوانوں کے لیے 3 کروڑ تک کا قرضہ، ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ اور بیرونِ ملک ملازمتوں کا شاندار موقع

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: نوجوانوں کے لیے 3 کروڑ تک کا قرضہ، ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ اور بیرونِ ملک ملازمتوں سے متعلق اہم اعلانات کردیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں، اسی لیے انہیں فری لانسنگ، آئی ٹی اور ٹیکنیکل ٹریڈز کی جانب راغب کیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی مہارتوں کے فروغ کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ آسان کاروبار اور آسان فنانس اسکیم کے تحت 1 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد کو قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ نوجوانوں کو 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرض بھی دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام کے تحت 2 ہزار نوجوانوں کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے، جبکہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں عالمی معیار کے جدید کورسز، جن میں کنسٹرکشن، ویلڈنگ اور ہیوی وہیکل مینٹیننس شامل ہیں، کرائے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے 10 ہزار نوجوانوں کو سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں ملازمتیں فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ پہلی مرتبہ نصاب میں ای کامرس اور جدید آئی ٹی کورسز بھی شامل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سحر پروگرام کے تحت 5 ہزار 365 خواتین کو مختلف ہنر سکھانے کے ساتھ مفت لیپ ٹاپ اور ماہانہ 7 ہزار 500 روپے وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں