ہفتہ, مارچ 7, 2026
اشتہار

بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کو بتایا ’آنکھ کے مسئلے میں بہتری نہیں آ رہی‘، مریم ریاض وٹو

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (17 فروری 2026): سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے اہلیہ کو بتایا کہ ان کی آنکھ کے مسئلے میں بہتری نہیں آ رہی۔

بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ آج جیل میں عمران خان نے اپنی اہلیہ کو بتایا کہ وہ آنکھ کے بارے میں شدید تشویش میں مبتلا ہیں، آنکھ کے مسئلے میں بہتری نہیں آ رہی۔

مریم ریاض وٹو نے کہا کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی کو بتایا کہ ’حکومت کے بھیجے گئے ڈاکٹرز نے خون کے ٹیسٹ بھی کیے لیکن رپورٹس ان کے ساتھ شیئر نہیں کیں۔ رپورٹس شیئر کر بھی دیں تو مطمئن نہیں ہوں گے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عاصم کو معائنہ ٹیسٹ کی اجازت ملنے تک مطمئن نہیں ہوں گے‘۔

انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی قانونی ٹیم فوری طور پر سپریم کورٹ سے رجوع کرے، وکلا سپریم کورٹ میں ہنگامی درخواست دائر کریں اور استدعا کی جائے کہ ذاتی ڈاکٹرز کو جلد از جلد ان کے معائنے کی اجازت دی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے بشریٰ بی بی کی بہن کا اہم بیان

واضح رہے کہ 10 فروری کو بھی سابق خاتون اوّل کی بہن مریم ریاض وٹو نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ آج ہماری فیملی کی بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی ہے جبکہ اس سے قبل عمران خان نے بھی ان سے ملاقات کی تھی۔

انہوں نے ایکس پر لکھا تھا کہ بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق شدید تشویش ظاہر کی، عمران خان کی متاثرہ آنکھ انجکشن لگنے کے بعد 10 فیصد بھی بہتر نہیں ہوئی۔

مریم ریاض وٹو نے مطالبہ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی تک ذاتی معالج کی رسائی فوری طور پر یقینی بنائی جائے، پی ٹی آئی رہنماؤں سے درخواست ہے عمران خان کی صحت پر عدالتوں سے رجوع کریں، ان کی صحت کا معاملہ انسانی حقوق تنظیموں اور عالمی میڈیا کے سامنے بھی رکھا جائے۔

بشریٰ بی بی کی بہن نے مزید لکھا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو مناسب اور فوری طبی دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں