بدھ, جون 10, 2026
اشتہار

وزیراعلیٰ پنجاب کل آذربائیجان کے 3 روزہ تاریخی سرکاری دورے پر روانہ ہوں گی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کل آذربائیجان کے 3 روزہ تاریخی سرکاری دورے پر روانہ ہوں گی، جہاں وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور پنجاب کی نمائندگی کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کل سے جمہوریہ آذربائیجان کے 3 روزہ تاریخی سرکاری دورے پر روانہ ہو رہی ہیں۔

17 سے 20 مئی تک جاری رہنے والے اس ہائی پروفائل دورے کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز کو آذربائیجان میں خصوصی ‘اسٹیٹ گیسٹ’ کا درجہ دیا گیا ہے، جہاں وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور پنجاب کی نمائندگی کریں گی۔

دورے کے پہلے ہی روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ایک اہم اور خصوصی ملاقات کریں گی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مریم نواز باکو اولمپک اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے عالمی سطح کے ‘ورلڈ اربن فورم’ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی، جہاں وہ ‘ورلڈ لیڈرز سمٹ’ سے ایک تاریخی خطاب بھی کریں گی۔

اس عالمی فورم پر وزیراعلیٰ پنجاب حکومت کے انقلابی فلیگ شپ پروجیکٹ "اپنی چھت، اپنا گھر” کو بین الاقوامی سطح پر پیش کریں گی جبکہ افورڈایبل ہاؤسنگ سیکٹر میں پنجاب کا یہ منفرد اور کامیاب ماڈل دنیا بھر سے آئے ہوئے عالمی رہنماؤں اور ماہرین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اس اہم ترین بین الاقوامی دورے میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ہمراہ پنجاب کابینہ کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی جا رہا ہے، جس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اور وزیر خوراک بلال یاسین سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ یہ وفد بھی مختلف ورکنگ گروپس اور اجلاسوں میں شرکت کرے گا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں