اسلام آباد (5 فروری 2026): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی سینیٹر مشعال یوسفزئی کے متنازع بیانات پر ان سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا۔
عمران خان کی بہنوں کے خلاف بیانات دینے پر پی ٹی آئی نے سینیٹر مشعال یوسفزئی کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ بہت ہوگیا مشعال یوسفزئی کے خلاف ایکشن لیں گے، عمران خان کی بہنوں کے خلاف کسی قسم کی زبان برداشت نہیں کی جائے گی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ میں نے بیان دیا تھا کہ کوئی عمران خان کی فیملی پر جملہ بازی کرے گا تو اس کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
دوسری جانب، ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مشعال یوسفزئی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا، مرکزی قیادت 8 فروری احتجاج کے بعد خاتون سینیٹر سے متعلق فیصلے کرے گی، شیر افضل مروت کے معاملے کے بعد پارٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ عمران خان کی بہنوں کے خلاف بیان قابل قبول نہیں۔
دو روز قبل سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہن علیمہ خانم کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کی بات جھوٹ تھی، مشعال یوسفزئی کا یہ بیان لغو اور جھوٹ پر مبنی ہے، جو جھوٹ بولتا ہے اسے اس کا حساب دینا ہوگا۔
سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا تھا کہ مشعال یوسفزئی سے 8 فروری کے احتجاج کے بعد بازپرس ہوگی، عمران خان کی بہنیں اپنے بھائی کیلیے خلوص کا حصار ہیں، اگر کوئی شخص جھوٹ بولتا ہے تو کیسے بانی پی ٹی آئی کا وفادر ہو سکتا ہے؟
مشعال یوسفزئی نے کیا بیان دیا تھا؟
پی ٹی آئی کی سینیٹر مشعال یوسفزئی نے نجی نیوز چینل کے شو میں دعویٰ کیا تھا کہ ہمارے اراکین پارلیمنٹ نے عمران خان کی صحت پر تشویش کے باعث اڈیالہ کے باہر دھرنا دیا تھا۔
مشعال یوسفزئی کے مطابق عمران خان کی فیملی نے سلمان اکرم راجہ سے رابطہ کر کے دھرنا ختم کرنے کی ہدایت کی، جب اس بارے میں ہمیں بتایا گیا تو اراکین پارلیمنٹ نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کیا۔
انہوں نے مزید کہ سلمان اکرم راجہ کے مطابق عمران خان نے پارٹی فیصلوں کا اختیار انہیں دیا ہے۔ ہم نے ان کی بات مانی کیونکہ پارٹی ڈسپلن تھا۔ اگر ہماری مرضی ہوتی تو ہم صبح تک بیٹھے ہوتے۔ دھرنا ختم کرنے کی ذمہ داری سلمان اکرم راجہ پر عائد ہوتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


