لندن: صدر آزاد جموں و کشمیرسردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات اور سفارت کاری سے ممکن ہے، جنگ مسئلہ کشمیر کا حل نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیرسردار مسعود خان نے برطانوی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدرنے مسئلہ کشمیر پر ثالثی سے متعلق بات خود سے نہیں کی۔
مسعود خان نے کہا کہ نریندر مودی نے ابھی تک صدر ٹرمپ کے بیان کی تردید نہیں کی، خواہش ہے اس بار مسئلہ کشمیر پر سفارتی کوشش کامیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کی بنیاد ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں کی مشاورت ضروری ہے۔
صدر آزاد جموں و کشمیر نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات اور سفارت کاری سے ممکن ہے، جنگ مسئلہ کشمیر کا حل نہیں ہے۔
امریکی صدر نے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی
واضح رہے کہ 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت میں ثالثی کی پیشکش کی تھی۔