بالی: ’امن کا جزیرہ‘ کے نام سے جانے والے جزیرے بالی کی ایک بندر گاہ پر خوف ناک آگ بھڑک اٹھی، چالیس کشتیاں اور چھوٹے جہاز جل کر راکھ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بالی کی بینووا بندرگاہ پر درجنوں کشتیوں کو جلا کر راکھ کر دینے والی آگ کل رات سے بھڑک رہی ہے اور تاحال اس پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔
فائر فائٹرز کی طرف سے کشتیوں پر بیٹھ کر آگ کے شعلے ٹھنڈے کرنے کی کوششیں جاری ہیں، عینی شاہدین کے مطابق تفریحی مقام بالی کی بندر گاہ پر لگنے والی آگ لمحوں میں پھیلتی چلی گئی۔
وسیع رقبے پر پھیلی آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل دور دور سے دکھائی دیئے، پولیس کے مطابق خوش قسمتی سے کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
انتظامیہ کی جانب سے آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں، ایک بحری جہاز کے عملے کے رکن نے بتایا کہ وہ اپنے جہاز میں سو رہا تھا، جاگنے پر دیکھا کہ اوپر کے حصے میں آگ لگی ہوئی ہے۔
عملے کے رکن نے بتایا کہ آگ نے بڑی تیزی کے ساتھ قریبی بحری جہازوں بہ شمول چھوٹے کارگو جہازوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔
انڈونیشیا: اژدھا زندہ خاتون کو نگل گیا
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق متعدد عینی شاہدین کا خیال ہے کہ آگ بجلی کی خرابی کے باعث لگی، تاہم سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ وہ تاحال آتش زدگی کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا میں حادثاتی آتش زدگی کے واقعات آئے دن ہوتے رہتے ہیں جس کی وجہ حفاظت کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرنا بتایا جاتا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔