اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

کراچی یونیورسٹی میں خودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کراچی یونیورسٹی میں چینی اساتذہ پرخودکش حملے کے ماسٹر مائنڈ کو 16 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کراچی یونیورسٹی خودکش حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔

پولیس نے مبینہ سہولتکاراورماسٹرمائنڈ ملزم داد بخش کوعدالت میں پیش کیا، پولیس نے بتایا کہ ملزم بی ایل اےاوربی ایل ایف کراچی کاکمانڈرہے اور کراچی یونیورسٹی میں چینی اساتذہ پرخودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کراچی میں چینی شہریوں پرحملوں میں سہولت کاری کاکام کرتاتھا، جس پر عدالت نے ملزم کو 16 جولائی تک کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

گذشتہ روز کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی یونیورسٹی میں ملوث اہم ملزم کو گرفتار کیا تھا ، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کا کراچی یونیورسٹی کی خود کش بمبار کے شوہر ہیبتان سے رابطہ تھا۔

حکام کے مطابق ملزم کو ٹیکنیکل اور دیگر شواہد کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزم سے ابتدائی تفتیش مکمل کر لی گئی، اسے کراچی یونیورسٹی خود کش دھماکے سے قبل بلوایا گیا تھا۔

یاد رہے جامعہ کراچی کے اندر ایک خاتون نے خود کش دھماکے کے ذریعے چینی باشندوں کی وین کو نشانہ بنایا تھا ، جس کے نتیجے میں 3 چینی باشندوں سمیت 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق دھماکے میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ہوانگ گیوپنگ سمیت خواتین اساتذہ ڈنگ میوپنگ اور چن سا ہلاک ہوئی جب کہ ایک پاکستانی ڈرائیور خالد بھی مرنے والوں میں شامل تھے۔

بعد ازاں ایک دہشت گرد گروپ نے خودکش حملہ آور لڑکی کی تصویر جاری کرتے ہوئے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں