اشتہار

ماتا ہری:‌ بے باک رقاصہ جسے ‘ڈبل ایجنٹ’ بننے کا شوق موت کی آغوش میں لے گیا

اشتہار

حیرت انگیز

مذہب و اخلاق کے اعتبار سے ماتا ہری کی زندگی قابلِ اعتراض ضرور رہی ہے، لیکن وہ اپنے دور کی ایک نمایاں اور ممتاز شخصیت بھی تھی جس نے اپنی بعض صلاحیتوں اور خصوصیات سے وہ کام لیا کہ دنیا بھر میں اس کا چرچا ہوا۔ اس نے اخبارات کی شہ سرخیوں میں جگہ پائی، اس پر مضامین لکھے گئے، اور کئی قصّے اُس کی ذات سے جوڑے گئے۔ وہ ایک ایسی عورت تھی جو آخری دم تک بادشاہت اور جمہوریت کے سربراہوں اور کار پردازوں سے کھیلتی رہی، اور آخر اُس ملک کی عدالت کے حکم پر ماتا ہری خاک و خون میں لتھڑی، جس نے جون آف آرک کو خاک و خون میں تڑپایا تھا!

ماتا ہری اپنی بے باکی اور نیم عریاں رقص کے لیے مشہور تھی جس کا فن و پیشہ نہ تو خطرناک سمجھا جاتا تھا اور نہ ہی کوئی اس حسینہ سے خطرہ محسوس کرتا تھا، مگر پھر وہ اپنی بے باکی اور آزادہ روی کے ہاتھوں خود خطرے کے دہانے پر پہنچ گئی اور 15 اکتوبر 1917ء کو موت نے اُسے اچک لیا۔ ماتا ہری ایک رقاصہ ہی نہیں تھی بلکہ اسے دنیا کی سب سے مشہور ‘ہنی ٹریپ’ جاسوس بھی کہا جاتا ہے اور جاسوسی کے الزام میں‌ ہی عدالتی حکم پر اسے پیرس میں سزائے موت دے دی گئی۔

ماتا ہری یورپ کے کئی ممالک میں نہایت اثر و رسوخ کی حامل سمجھی جاتی تھی اور اعلیٰ ترین شخصیات کو گویا اپنے قدموں پر جھکا رکھا تھا۔ پہلی جنگِ عظیم کے بعد ماتا ہری نے اپنی حشر سامانیوں اور کارستانیوں کے سہارے جاسوسی کا کام شروع کیا تو عیش و راحت بھی اس کا مقدر بن گئی۔ اس کام میں وہ ماہر ہوگئی تھی مگر شک کی بنیاد پر جب اس پر نظر رکھی جانے لگی تو ا کا راز فاش ہوگیا۔

گرفتاری کے بعد ماتا ہری کو پیرس کی جیل میں قید کیا گیا تھا۔ سزائے موت پر عمل درآمد کے لیے جب صبح کے وقت ماتا ہری سلیٹی رنگ کی فوجی گاڑی میں جیل سے نکلی تو اس نے ایک لمبا کوٹ اور سَر پر ہیٹ پہن رکھا تھا۔ اس کی عمر 41 سال تھی۔ کہتے ہیں کہ اس نے بڑی بے خوفی سے اپنی موت کا سامنا کیا۔ ماتا ہری نے اپنی آنکھوں پر پٹی باندھنے سے منع کردیا تھا۔

شعلہ جوالہ اور رقص میں بے بدل ماتا ہری کے مداحوں میں مختلف ممالک کے وزیر، صنعت کار اور فوجی جنرل تک شامل تھے۔ اسی کا فائدہ ماتا ہری نے اٹھانے کی کوشش کی تھی۔ اس نے پہلی جنگِ عظیم کے دوران خدمات انجام دینے کے بعد جب فرانس کی حکومت کو ڈبل ایجنٹ بن کر دھوکا دینا چاہا تو پھنس گئی۔ ماتا ہری کی فرانسیسی سیاست دانوں اور اشرافیہ سے قربت کو دیکھتے ہوئے جرمن سفیر نے اسے اپنے ملک کے لیے جاسوسی پر آمادہ کرلیا تھا۔

اس کا اصل نام مارگریٹ زیلے تھا۔ وہ نیدر لینڈ کے شہر لیووارڈن میں‌ پیدا ہوئی۔ مخلوط النسل زیلے کا سنہ پیدائش 1876ء ہے۔ نوعمری میں زیلے نے رقص سیکھا اور بعد میں اپنے فن کو اپنی پہچان بنانے کے ساتھ ساتھ بے باکی اور ہوشیاری سے کام لے کر خوب مال بنایا۔ ماتا ہری کا نام اس نے انڈونیشیا میں اپنے قیام کے دوران اپنایا تھا۔ مارگریٹ زیلے کا باپ ایک ولندیزی تاجر تھا۔ اس نے ایک فوجی افسر سے بیٹی کی شادی کی تھی جو اسے انڈونیشیا لے گیا مگر یہ شادی زیادہ عرصہ چل نہ سکی۔ علیحدگی کے بعد ماتا ہری فرانس چلی گئی اور وہاں نیم عریاں‌ رقص سے مال کمانے لگی۔ وہ حسین تھی اور فتنہ سامان بھی۔ اس نے اپنی بے باکی سے امیر لوگوں اپنے قریب کر کے دولت مند بننے کا خواب دیکھا تھا جو جلد ہی پورا ہوگیا۔

جرمنی کے لیے ماتا ہری جاسوسی میں ابتداً کام یاب رہی اور ان کام یابیوں سے اسے بہت حوصلہ ہوا۔ فرانس کے اعلیٰ حکام اور فوج کے افسران سے حاصل کردہ اہم معلومات جرمنی کو دینے کے بعد اچانک اسے ڈبل ایجنٹ بن کر فرانس کی حکومت سے بھی رقم بٹورنے کا خیال سوجھا۔ اس نے اپنے دل کی بات اپنے پرستار فرانسیسی افسروں سے کہہ دی۔ فرانسیسی حکام کو اس پر پہلے ہی شک ہوچکا تھا۔ انھوں نے آزمانے کے لیے ماتا ہری کو متعدد خفیہ مشن سونپے اور اس کی کڑی نگرانی بھی کرنے لگے اور اسی دوران وہ گرفتار ہوئی۔ ماتا ہری پر عدالت میں جاسوسی کا الزام ثابت ہوا اور اسے موت کی سزا سنائی گئی۔

یہ وہ کہانی ہے جو اس وقت فرانس کی حکومت اور گزشتہ ایک صدی کے دوران جنگوں اور اتحادی افواج کی تاریخ پر مبنی کتب میں رقم کی جاتی رہی ہے، لیکن چند سال پہلے کچھ حقائق کی بنیاد پر یہ بھی کہا جانے لگا کہ ماتا ہری ایسی ڈبل ایجنٹ تھی جسے قربانی کا بکرا بنایا گیا۔ اس زمانے کے اخبار مرچ مسالہ لگا کر اپنی رپورٹو‌ں میں بتاتے رہے کہ ماتا ہری اتحادی فوج کے افسروں کو لبھا کر ان سے راز اگلواتی اور جرمن فوج کے حوالے کرتی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں اتحادی فوجی مارے گئے۔ لیکن ایک صدی بعد فرانسیسی وزارتِ دفاع نے کچھ ایسی دستاویزات جاری کیں جن میں نئے انکشافات ہوئے۔ ان میں ماتا ہری سے متعلق تفتیشی دستاویزات بھی شامل ہیں جو اب نیدرلینڈز میں ماتا ہری کے آبائی شہر کے ایک میوزیم میں محفوظ ہیں۔ بی بی سی پر اس حوالے سے شایع شدہ ایک مضمون کے مطابق گذشتہ برسوں میں کئی تاریخ دان اس جاسوسہ کے دفاع میں سامنے آئے ہیں۔ بعض کہتے ہیں کہ ماتا ہری کو اس لیے قربان کر دیا گیا کہ فرانسیسی حکومت کو جنگ میں پے در پے ناکامیوں کا جواز پیدا کرنا تھا۔ اس حوالے سے ایک خط کا بھی ذکر کیا جاتا ہے لیکن حقائق وقت کی دھند میں لپٹے ہوئے ہیں اور چوںکہ یہ جاسوسی اور اتحادی افواج سے متعلق سرگرمیوں اور خفیہ مشن کا معاملہ تھا تو ماتا ہری کی گرفتاری کے بعد کچھ حقائق اور اہم باتیں پوشیدہ ہی رکھی گئیں اور ان کا تحریری یا زبانی کسی کو علم نہیں ہوسکا۔

فرانسیسی حکومت نے ماتا ہری کا بے روح جسم پیرس کے ایک میڈیکل کالج کو تجربات کرنے کے لیے دے دیا تھا جب کہ میوزیم آف اناٹومی میں محفوظ اس کا سَر کئی سال پہلے وہاں سے چوری ہو گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں