اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈنے شرجیل خان اور خالد لطیف کو نوٹس جاری کر دئیے جبکہ اینٹی کرپشن یونٹ نے دونوں کرکٹرز سے موبائل فونز قبضے میں لے لیے۔ چیئرمین پی سی بی کہتے ہیں کہ دونوں کھلاڑیوں نے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث ہونے پر دونوں کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف سے تحقیقات جاری ہیں، پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کو نوٹس جاری کردیے جبکہ اینٹی کرپشن یونٹ نے دونوں کے موبائل فونز بھی قبضے میں لے لیے۔
چئیر مین پی سی بی شہریار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں سے اب تک غیر رسمی بات چیت ہوئی تاہم اب اسے ریکارڈ کیا جارہا ہے تاکہ قانونی معاملات میں کوئی پیچدگی پیش نہ آئے۔
پڑھیں: ’’ شرجیل خان اورخالد لطیف کی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ‘‘
انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے اپنے اہل خانہ سے مشاورت کا وقت مانگا جو انہیں دے دیا گیا مگر اسپاٹ فکسنگ میں کسی کھلاڑی کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔