ہیلی میتھیوز نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی رینکنگ میں بطور آل راؤنڈر اپنی نمبر ون پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا۔
ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والی میتھیوز نے دو اکتوبر کو سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے مقابلے میں ٹی ٹوئنٹی کی بہترین اننگز میں سے ایک کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ آل راؤنڈر نے 64 بالز پر 132 رنز کی شاندار اننگز تراشی۔
ان دنون ویسٹ انڈین خواتین ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر موجود اور میزبان سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نبرد آزما ہے۔ پہلے میچ میں کینگروز کے ہاتھوں مہمان سائیڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلین خواتین نے کیریبئن سائیڈ کو 20 اوورز میں 213 رنز کا ہدف دیا۔ اس پہاڑ جیسے ہدف کو عبور کرنے کے لیے ہیلی میتھیوز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور سنچری بنائی۔
ویسٹ انڈین سائیڈ نے ایک بال پہلے ہی یہ میچ ساتھ وکٹوں سے جیت لیا۔ اس سے قبل آسٹریلین اننگز کے دوران میتھیوز نے تین کینگرو خواین بیٹرز کو بھی پویلین بھیجا تھا۔
اپنے کیریئر میں ہیلی میتھیوز سات بار لگاتار پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے کا بھی اعزاز رکھتی ہیں۔ اس وقت ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں وہ ساتویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ بولرز کی درجہ بندی میں ان کا پانچواں نمبر ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ہیلی میتھیوز جو کہ محض 25 سال کی ہیں لیکن وہ انٹرنیشنل کرکٹ کا 9 سالہ تجربہ رکھتی ہیں۔ انھیں جون 2022 میں ویسٹ انڈین ویمن کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ بھرپور طریقے سے اپنا کردار نبھا رہی ہیں۔