پیر, مئی 18, 2026
اشتہار

میٹرک امتحانات: طالبات کے برقع پہننے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو نے امتحانی مراکز کے لیے نئی اور اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کسی بھی طالبہ کو امتحانی مرکز میں برقع یا عبایا اتارنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا سلسلہ جاری ہے۔ امتحانات کے تیسرے روز آج صبح کی شفٹ میں نویں جماعت کے ‘حیاتیات’ (Biology) کا پرچہ ہے۔

میٹرک بورڈ حکام کے مطابق پرچے کا دورانیہ تین گھنٹے مقرر کیا گیا ہے، جو صبح 9:30 بجے شروع ہو کر دوپہر 12:30 بجے تک جاری رہے گا۔

کراچی بھر میں طلبہ کی سہولت کے لیے مجموعی طور پر 521 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں صبح اور دوپہر کی شفٹوں میں تقریباً 3 لاکھ 85 ہزار 529 سے زائد امیدوار اپنی علمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

امتحانات کو شفاف بنانے اور نقل کی روک تھام کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکومتِ سندھ کی جانب سے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت غیر متعلقہ افراد کے اجتماع اور فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر پابندی ہوگی۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کا خصوصی عملہ اور ویجیلنس ٹیمیں امتحانی مراکز میں موجود رہیں گی تاکہ نظم و ضبط کو برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا نقل کی شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس موقع پر چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو نے امتحانی مراکز کے لیے نئی اور اہم ہدایات جاری کردی ، جس میں واضح کیا ہے کہ اب تک طالبات کی جانب سے نقل کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، اس لیے کسی بھی طالبہ کو امتحانی مرکز میں برقع یا عبایا اتارنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔

غلام حسین سوہو نے وارننگ دی ہے کہ اگر کسی بھی مرکز سے طالبات کا پردہ ہٹوانے سے متعلق شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ عملے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بورڈ انتظامیہ پرچے لیک ہونے کے معاملے پر ‘زیرو ٹالرنس پالیسی’ پر عمل پیرا ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ جو گاڑی امتحانی مراکز کے لیے پرچے لے کر نکلتی ہے، اس کے ساتھ عملہ مسلسل رابطے میں رہتا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا سیکیورٹی بریچ سے بچا جا سکے۔

تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ کراچی کے بعض دیہی علاقوں سے نقل کی شکایات موصول ہوئی ہیں، جن پر فوری ایکشن لیتے ہوئے سدِباب کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے والدین اور طلبہ کو یقین دلایا کہ بورڈ امتحانات کو شفاف بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے لائے جائیں گے۔

+ posts

انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں