کراچی (13 اکتوبر 2025): میٹرک امتحانات میں پوزیشن ہولڈر طلبہ وطالبات میں تعلیمی بورڈ کی جانب سے نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جانب سے رواں برس میٹرک امتحانات میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات کو نقد انعامات دینے کے لیے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں اراکین سندھ اسمبلی،وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی چئیرمین اسٹیوٹا جنید بلند اور پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کے والدین نے شرکت کی۔
اس موقع پر خصوصی طلبہ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے سیف علی شاہ کو ڈیڑھ لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ حمیدہ انصاری کو ایک لاکھ روپے جب کہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ضیا الرحمان کو 50 ہزار روپے انعام دیا گیا۔
سائنس گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی اینا فاروقی کو ڈیڑھ لاکھ روپے، دوسری پوزیشن پر وانیہ نور کو ایک لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ تیسری پوزیشن پر دو طلبہ سید اسرار حسین رضوی اور عمائلہ عمران کو 50 ہزار روپے انعام دیا گیا۔
جنرل گروپ میں پہلی پوزیشن پر ثنا محمد بلقیس کو ڈیرھ لاکھ روپے، بشریٰ محمد عمران کو ایک لاکھ جب کہ تیسری پوزیشن ہولڈر ہانیہ محمد یوسف کو 50 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثانوی بورڈ کے چیئرمین غلام حسین سوہو نے کہا کہ آج کا دن آپ تمام طلبہ کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس دن کو اپنی کامیابی سے منسوب کریں اور اپنی زندگی میں آنے والی دشواریوں کے لیے تیار رہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ کی پوزیشن ایک دن کی نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک طویل جدوجہد ہے۔ نیک نیتی سے محنت کریں تو مستقبل میں بھی کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


