اتوار, مئی 10, 2026
اشتہار

میٹرک امتحانات میں پرچے کے عوض رقم کا مطالبہ ! میٹرک بورڈ کا بڑا ایکشن

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : میٹرک بورڈ نے پرچے کے عوض رقم مانگنے والے سینٹرز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے والدین کو شکایات درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا دوسرا روز مکمل ہو گیا ہے۔ جہاں ایک طرف امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، وہیں بورڈ نے بدعنوانی کی شکایات پر سخت ایکشن لینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

ترجمان تعلیمی بورڈ نے کہا کہ بعض امتحانی مراکز کی انتظامیہ کی جانب سے طلبہ سے پرچے کے عوض رقم طلب کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

بورڈ انتظامیہ نے اس سنگین معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے ، ایسے تمام مراکز جو اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پائے گئے، ان کی رجسٹریشن فوری طور پر منسوخ کر دی جائے گی۔

بورڈ نے والدین اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ ایسی شکایات کی فوری اطلاع 021-99260264 یا 021-99260284 پر دیں۔

آج صبح کی شفٹ میں نویں جماعت کے کمپیوٹر اسٹڈیز کا پرچہ منعقد ہوا، جس کے لیے درج ذیل انتظامات کیے گئے تھے، شہر کے 18 ٹاؤنز میں قائم 521 مراکز پر تقریباً 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد طلبہ امتحانات میں شریک ہیں۔

امتحانی پرچوں کی ترسیل کے لیے 25 حب (Hubs) بنائے گئے ہیں۔ بورڈ افسران کی نگرانی میں پرچے مراکز تک پہنچائے گئے اور جوابی کاپیاں سیل کر کے بورڈ آفس واپس لائی گئیں۔

امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ مراکز کے قریب فوٹو اسٹیٹ مشینیں بند رکھنے اور طلبہ کو موبائل فون لانے پر سخت پابندی عائد ہے۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ وہ امتحانی عمل کے دوران مکمل وقت مراکز پر موجود رہ کر نقل مافیا اور بیرونی مداخلت کی روک تھام کو یقینی بنا رہے ہیں۔

+ posts

انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں