جمعہ, جنوری 24, 2025
اشتہار

معروف عالم دین مولانا احترام الحق تھانوی کی امریکا میں نماز جنازہ ادا

اشتہار

حیرت انگیز

معروف عالم دین مولانا احترام الحق تھانوی کی امریکا میں نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے انہیں اٹلانٹا کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق معروف عالم دین اور جامعہ احتشامیہ کے بانی مولانا احترام الحق تھانوی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے اور انہیں اٹلانٹا کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

مولانا احترام الحق تھانوی کی نماز جنازہ امریکی وقت کے مطابق بعد نماز عصر جارجیا اسلامک انسٹیٹیوٹ میں جنازہ ادا کردی گئی جس میں قریبی رشتے داروں اور  دوست احباب سے شرکت کی۔

- Advertisement -

واضح رہے کہ مولانا احترام الحق تھانوی گزشتہ روز 80 برس کی عمر میں‌امریکا کے شہر اٹلانٹا میں انتقال کرگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف عالم دین مولانا احترام الحق تھانوی انتقال کر گئے

مرحوم کے صاحبزادے محتشم الحق تھانوی کے مطابق ان کے والد کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے۔

مولانا احترام الحق تھانوی 25 دسمبر1942 کو تھانہ بھون ضلع مظفر نگر میں پیدا ہوئے تھے۔ 5 سال کی عمر میں اپنے والد احتشام الحق تھانوی کے ہمراہ پاکستان ہجرت کی۔ انہوں نے کراچی کی جامع مسجد جیکب لائن سے قرآن کریم حفظ کیا اور درالعلوم الاسلامیہ ٹنڈوالہیار سے حدیث کی سند حاصل کی۔

مولانا احترام الحق  نے دارالعلوم الاسلامیہ ٹنڈوالہیار میں درس و تدریس کے فرائض انجام بھی دیے اور 1980 میں اپنے والد مولانا احتشام الحق تھانوی کے انتقال کے بعد دارالعلوم الاسلامیہ ٹنڈوالہیار کے مہتمم قرار پائے اور تاحیات اسی منصب پر فائز رہے۔

مرحوم احترام الحق تھانوی نے ضیا الحق کی مارشل لا حکومت کے خلاف اور ایم آر ڈی کی تحریک میں بھرپور حصہ لیا اور قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ اسی دور م یں انہیں زکوٰۃ آرڈیننس میں اختلاف کی وجہ سے جیل بھی جانا پڑا۔ مولانا 1996 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ سندھ عبداللہ شاہ کے مشیر بھی رہے۔

احترام الحق تھانوی کو مولانا فقیر محمد سے خانہ کعبہ میں خلافت عطا ہوئی۔ انہوں نے 20 سال قبل امریکا میں سکونت اختیار کی اور وہاں تبلیغ دین کے لیے خدمات انجام دیتے رہے۔ مولانا نے امریکا میں بھی دین کی ترویج کے لیے ایک مدرسہ بھی قائم کیا۔

اہم ترین

مزید خبریں