اسلام آباد : ملک میں مہنگائی اور بدامنی کے خلاف جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کل ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی، دہشت گردی کی حالیہ لہر اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف کل ملک بھر میں بھرپور "یومِ احتجاج” منانے کا اعلان کر دیا ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی خصوصی اپیل پر جماعت نے احتجاجی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ترجمان جے یو آئی کی جانب سے جاری کردہ مرکزی اعلامیے میں کہا گیا کہ کل جمعہ کے روز ملک کے تمام صوبائی دارالحکومتوں سمیت تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر بڑے اور بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
ترجمان نے مہنگائی کے پسے ہوئے طبقے سمیت ملک بھر کے غیور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حقوق کی خاطر ان احتجاجی مظاہروں میں بھرپور اور فعال شرکت کریں۔
ملک کی موجودہ معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا "ملک میں امن و امان کی دگرگوں صورتحال، بدامنی اور بے لگام مہنگائی نے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ غریب طبقہ اس وقت فاقہ کشی اور معاشی تنگ دستی کے باعث خودکشیوں پر مجبور ہو چکا ہے، جبکہ حکومت عوام کو تحفظ اور ریلیف دینے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے۔”
زاہد حسین مشوانی اے آر وائی نیوز کے سینئیر صحافی ہیں ،پارلیمنٹ ،انتخابات ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے علاوہ مذہبی اور سیاسی امور پر گہری نظر رکھتے ہیں۔


