وانا : جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں نے معروف عالمِ دین مولانا حافظ سلطان محمد کو بیٹی سمیت شہید کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں معروف عالمِ دین مولانا حافظ سلطان محمد کو ان کی بیٹی سمیت شہید کر دیا۔
مولانا حافظ سلطان محمد کو آئی ای ڈی دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا ، خارجی دہشت گردوں نے مولاناحافظ سلطان محمداوران کی بیٹی کو نشانہ بنایا۔
چیئرمین مرکزی علما کونسل زاہد محمود قاسمی نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اسلام کے نام پر خون کی ہولی کھیل رہے ہیں، جبکہ شریعت اس کی ہرگز اجازت نہیں دیتی۔
انہوں نے کہا کہ علما کو نشانہ بنانا ملک میں افراتفری پھیلانے کے مترادف ہے اور فتنہ الخوارج اس وقت ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔
زاہد محمود قاسمی کا کہنا تھا کہ آئے روز معصوم شہریوں اور امن و استحکام کی بات کرنے والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، دہشت گرد دشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، اس لیے ریاستی اداروں کو ان کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک عالمِ دین کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، دہشت گردوں کے عزائم انتہائی خطرناک ہیں اور ان کا قلع قمع وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ علما اور دینی جماعتیں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
ادھر مذہبی رہنما شاہ اویس نورانی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری آپریشن کے ذریعے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔


