تازہ ترین

مولانا سمیع الحق کے بعد صاحبزادے جے یو آئی کے امیر مقرر

نوشہرہ: مولانا سمیع الحق کے بعد اُن کے صاحبزادے مولانا حامد الحق کو متفقہ طور پر جمیعت علماء اسلام (س) کا قائم مقام امیر مقرر کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام (س) کے سابق امیر مولانا سمیع الحق کے جاں بحق ہونے کے بعد جماعت کی شوریٰ نے صاحبزادے حامد الحق کو متفقہ طور پر نیا امیر مقرر کرنے کی منظوری دی۔

مولانا حامد الحق نے امیر کا منصب سنبھالنے کے بعد کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’قائدِ جمعیت کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ہم کشمیر اور فلسطین کے لیے اپنی آواز مزید طاقت کے ساتھ بلند کریں گے‘۔

یاد رہے کہ دو روز قبل مولانا سمیع الحق کو راولپنڈی میں اُن کی رہائش گاہ پر نامعلوم افراد نے چھریوں کے پہ در پہ وار  سے قتل کردیا تھا، واردات کے وقت گھر پر محافظ اور ملازمین میں سے کوئی موجود نہیں تھا۔

مزید پڑھیں: مولانا سمیع الحق سے دو افراد ملنے آئے تھے، ملازمین کا انکشاف

پولیس نے تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے مولانا کے زیر استعمال کمرے سے فنگر پرنٹس حاصل کیے اور دو ملازمین کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں بھی لیا تھا۔

خیال رہے کہ مولانا سمیع الحق ممتاز مذہبی اسکالر اور سینئر سیاست دان تھے۔آپ 18 دسمبر 1937 کو اکوڑہ خٹک میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد درس نظامی کا کورس مکمل کیا اور اکوڑہ خٹک میں دارالعلوم حقانیہ کی بنیاد رکھی۔

مقتول نے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز مولانا فضل الرحمان کے والد کے ساتھ جمعیت علما اسلام سے کیا، ،مولاناعطاء الحق کے نتقال کے بعد جے یو آئی کے دو دھڑے بنے جن میں ایک کی قیادت سمیع الحق نے کی جبکہ دوسرے کی مولانا فضل الرحمان کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا سمیع الحق کون تھے؟

آپ کا شمار پاکستان کی معروف شخصیات میں ہوتا تھا، یہی وجہ ہے کہ آپ دو بار سینیٹر بھی منتخب ہوئے، مولانا سمیع الحق نے مذہبی جماعتوں کے مختلف دھڑوں کو ملا کر متحدہ دینی محاذ اور متحدہ مجلس عمل کی داغ بیل بھی ڈالی۔

Comments